ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال اور اسمگلنگ پر بھاری جرمانے و سزائیں تجویز

ٹرانسشپمنٹ رولزکی خلاف ورزی پربھی5لاکھ یاٹیکسزسی300فیصدزیادہ وصولی کی جائیگی

بدھ 2 مئی 2018 14:01

ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال اور اسمگلنگ پر بھاری جرمانے و سزائیں تجویز
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) وفاقی حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام اورافغان ٹرانزٹ ٹریڈ(اے ٹی ٹی)کے غلط استعمال میں ملوث تاجروں پر بھاری جرمانے اور 7سال تک قید کی سزائیں دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ غیر قانونی اشیا کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیاں اورغیر قانونی اشیا ضبط کرکے اشیا کی مالیت سے 10گنا جرمانے عائد کیے جائیں گے جس کے لیے فنانس بل 2018 کے ذریعے کسٹمز ایکٹ 1969میں ترامیم کی تجاویز دی گئی ہیں۔

سیکشن 156کے پارٹ بی میں شق 63(i)شامل کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی گاڑی میں ٹرانسشپمنٹ کے لیے لوڈ کیا ہوا سامان اپنے اصل مقام پر پہنچنے کے بجائے راستے میں کسی جگہ اتارا جاتا ہے اور وہ پکڑا جاتا ہے تو وہ سامان اور سامان لے جانے والی گاڑی ضبط کرلی جائے گی، اسی طرح اگر وہ سامان ممنوع ہو گا تو اس صورت میں بھی سامان ضبط کرنے کے ساتھ درآمد کنندہ، نگران اور بانڈڈ کیریئر کے خلاف کارروائی ہوگی، گاڑی اور سامان ضبط کر کے ان اشیا کی مالیت سے 10گنا زیادہ جرمانہ عائد کیا جائے گا اور مزید سزا کے لیے اسپیشل جج کے سامنے کیس چلایا جائے گا اور اس کیس میں 7سال تک سزا دی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

دستاویز میں کہا گیا کہ اگر اشیا کی درآمد کے لیے سامان کی ٹرانسشپمنٹ کے لیے ٹرانسشپمنٹ رولز کی خلاف ورزی کی جائے گی تو اس صورت میں بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے تحت رولز کی خلاف ورزی کے مرتکب شخص، ان لینڈ کیریئر اور نگران پر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ یا درآمدی سامان پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مالیت سے 3گنا زیادہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :