مزدوروں کے حقوق کا عالمی دن، سینیٹری ورکرز کیساتھ ناروا سلوک، آل آزادکشمیر فیڈریشن ورکرز یونین سراپا احتجاج بن گئی

پہلے مزدور کو انصاف دو پھر یہ دن منائو، مزدوروں کی ماہانہ اجرت 15000 روپے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد ہوا میں تحلیل ہے

بدھ 2 مئی 2018 14:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) مزدوروں کے حقوق کا عالمی دن، سینیٹری ورکرز کیساتھ ناروا سلوک، آل آزادکشمیر فیڈریشن ورکرز یونین سراپا احتجاج بن گئی، پہلے مزدور کو انصاف دو پھر یہ دن منائو، مزدوروں کی ماہانہ اجرت 15000 روپے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد ہوا میں تحلیل ہے، سرکاری محکمہ جات میں سینیٹری ورکرز آج بھی 7 سے 8ہزار تنخواہ لیتے ہیں، پرائیویٹ صورتحال بھی اس سے کم نہیں ہے،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی سینیٹری ورکرز کیساتھ ناروا سلوک بند کرے، آل آزادکشمیر فیڈریشن ورکرز یونین کے چیئرمین محمد یاسین، صدر چوہدری مظفر، جنرل سیکرٹری چوہدری فیصل، وائس چیئرمین شیخ صادق و دیگر نے مظفرآباد میں میڈیا نمائندگان کے سامنے پھٹ پڑے اور کہا کہ جو حکومتیں مزدوروں کا استحصال کریں انہیں یوم مزدور منانازیب نہیں دیتا، آزادکشمیر حکومت بتائے مزدوروں کی کم از کم ماہانہ اجرت 15000/- روپے پر کتنا عملدرآمد ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی اور بلدیاتی اداروں میں کام کرنیوالے سینیٹری ورکرز حالات کے رحم و کرم پر ہیں، کوٹلی میں سینیٹری ورکرز کیساتھ جو سلوک ایڈمنسٹریٹر بلدیہ نے روا رکھا ہوا ہے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ایسے اقدامات سے گریز کرے بصورت دیگر آزادکشمیر بھر میں پرامن احتجاج کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم مزدور کے موقع پر آزادکشمیر بھر میں چھٹی منائی گئی لیکن حکومتی نمائندگان ، بیورو کریسی بتائے آپ خود چھٹی منا رہے ہیں مزدوروں کیلئے آپ کیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹری ورکرکوئی پنشن کیلئے ترس رہا ہے تو کوئی ماہانہ اجرت کیلئے ۔مزدوروں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند نہ ہوا اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی جو سینیٹری ورکرز کیساتھ انتہائی ناروا سلوک کررہے ہیں کیخلاف شدید احتجاج کیا جائیگا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکومت و انتظامیہ پر ہوگی۔