کرکٹ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی سے رابطے کی تصدیق سے انکار

بدھ 2 مئی 2018 14:02

کرکٹ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی سے رابطے کی تصدیق سے انکار
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 مئی 2018ء) کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے دورہ پاکستان کےلئے پی سی بی سے رابطہ کرنے کی خبروں کی تصدیق سے انکار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے ۔

(جاری ہے)

بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعوی کیا گیا کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کےلئے پی سی بی سے رابطہ کیا ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے ان خبروں کی تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی سکیورٹی ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے اور اپنی ٹیم کے نقطہ نظر سے ہم سیریز متحدہ عرب امارات سے کہیں اور منتقل کرنے پر غور نہیں کر رہے۔یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے 1998 ءکے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا اور دونوں ممالک اس کے بعد 2002ءمیں سری لنکا ،2010ءمیں انگلینڈ اور 2014ءمیں متحدہ عرب امارات کے میدانوں کو سیریز کےلئے نیوٹرل وینیو کے طور پر استعمال کرچکے ہیں۔