راولپنڈی آرٹس کونسل میں آیت اللہ بشیر حسین نجفی کی تصنیف ’’ظہورامام مہدی ؑ ایک معجزہ‘‘ کے ترجمہ کی افتتاحی تقریب

دنیا میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کے اکابرین عظیم انسانیت کے پیغام کی ترویج کریں، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ڈاکٹر غضنفر مہدی اور دیگر کا خطاب

بدھ 2 مئی 2018 14:26

راولپنڈی آرٹس کونسل میں آیت اللہ بشیر حسین نجفی کی تصنیف ’’ظہورامام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ دنیا میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کے اکابرین عظیم انسانیت کے پیغام کی ترویج کریں۔انہوں نے یہ بات حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی کی تصنیف ’’ظہورامام مہدی ؑ ایک معجزہ‘‘ کے ترجمہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

یہ ترجمہ سیدہ سنہا بخاری نے کیا ہے۔ راولپنڈی آرٹس کونسل منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جغرافیہ ،نصب اور ارتقادات اور چپقلش کی وجہ سے جنگ و جدل کا شکار ہے دہشت گردی اور فرقہ واریت نے معاشرے کوتباہ کردیا ہے ۔مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا ہے کہ یہ دنیا کے اکثر مذاہب اور مسلمانوں کے تمام فرقوں کا ظہور امام مہدی ؑ پر اجماع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی تصانیف سے نوجوان نسل کو راہنمائی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی نے اپنی بلند پایہ تصنیف میں انہی پیشین گوئیوں کی بات کی ہے کہ جب ایسے واقعات ظہور پذیر ہونگے تو حضرت امام مہدی ؑ کا ظہور ہوگا اور انکی تشریف آوری کے بعد جنگ و جدل ،دہشت گردی اور خون ریزی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ حضرت آیت اللہ بشیر حسین نجفی علم کا خزانہ ہیں اور انکے خیالات کی ترجمانی دنیا میں امن و سکون کا موجب ثابت ہوگی۔

تقریب سے نامور مورخ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ،سید سہیل بخاری ،صبا ٹرسٹ کے جنرل منیجر محمد عاصم اور جمیل اصغر بھٹی نے کتاب کے محاسن پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ سیدہ سنہا بخاری نے ایک اہم کتاب کا اچھے انداز میں ترجمہ کیا ہے ۔سیدہ سنہا بخاری نے پذیرائی پر راولپنڈی کے راولپنڈی آرٹس کونسل کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔