حکومت کے بہتر اقدامات کی بدولت پاکستان میں انسانی وسائل کے شعبہ میں بہتری آئی ہے

پراعتمادنوجوان نسل ملک کی ترقی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرتی ہے وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بندی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کا اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں رپورٹ کے اجراء کے موقع پر خطاب

بدھ 2 مئی 2018 14:36

حکومت کے بہتر اقدامات کی بدولت پاکستان میں انسانی وسائل کے شعبہ میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بندی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے بہتر اقدامات کی بدولت پاکستان میں انسانی وسائل کے شعبہ میں بہتری آئی ہے، کسی بھی شعبے میں نوجوان زیادہ محنت اور جذبے سے کام کرتے ہیں، پراعتمادنوجوان نسل ملک کی ترقی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں رپورٹ کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یو این ڈی پی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انسانی وسائل کے شعبے میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں نوجوان زیادہ محنت اور جذبے سے کام کرتے ہیں، پراعتمادنوجوان نسل ملک کی ترقی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ مثبت سوچ سے کامیابی مقدر بنتی ہے، منفی سوچ والے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل عالمی سطح پر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرسکتی ہے، نوجوان نسل کو احساس کمتری میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے، مثبت سوچ کو اپناتے ہوئے ہمیں ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجا گر کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چیلنجز سے گھبرانا نہیں بلکہ انہیں مواقعوں میں تبدیل کرنا ہے، ہم مثبت سوچ کے ساتھ پاکستان کو پرامن اور خوشحال ملک بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے ہائیر ایجوکیشں کمیشن کا بجٹ 13ارب روپے سے بڑھا کر 47 ارب روپے کردیا گیا ہے۔آئندہ بجٹ میں 400 نئے اوکیشنل ٹرینگ سینٹر اور 100 نئے سٹیڈیمز کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ فار آل سکیم پر کام کررہے ہیں تاکہ ہر یونیورسٹی ، سٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل انقلاب کے لئے تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔