ْآزاد کشمیر: برطانیہ لے جانیکا جھانسہ دے کر خواتین سے شادی کا اسکینڈل منظرعام پر آ گیا

سہانے خواب دکھا کر شادی کرنے والے ایک ہی خاندان کے 5 افراد نے 20 پاکستانی لڑکیوں کی زندگی تباہ کردی

بدھ 2 مئی 2018 14:50

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) برطانیہ لے جانے کے سہانے خواب دکھا کر شادی کرنے والے ایک ہی خاندان کے 5 افراد نے 20 پاکستانی لڑکیوں کی زندگی تباہ کردی، لڑکیوں کو برطانیہ لے جانے کا جھانسہ دیا اور شادی کے بعد چھوڑ کر چلے گئے۔میرپور آزاد کشمیر پریس کلب میں متاثرہ خواتین صائمہ کوثر، سمیرا پروین، سوہنیا بشیر اور کرن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ برطانیہ کے علاقے ہیلی فیکس کے رہائشی ممتاز عرف تاجا پہلوان اور اس کے بھتیجے خواتین کو برطانیہ لے جانے کے خواب دکھا کر شادی کرتے ہیں اور چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔

خواتین نے الزام لگایا کہ تاجا پہلوان نے 7، اس کے بھتیجے محمد علی نے 3، نذر علی نے 5، غضنفر محمود نے 2 جبکہ محمد بشیر نے 3 شادیاں کی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ لوگ منشیات کا کاروبار کرتے ہیں۔اس سوال پر کہ اگر ملزمان نے 18 نکاح کیے تو پریس کانفرنس کے لیے 5 خواتین کیوں آئیں ان خواتین کا کہنا تھا کہ دیگر خواتین ہم سے رابطے میں نہیں ہیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ریاض حیدر بخاری کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا تاہم تاجاپہلوان کی ایک درخواست ملی ہے جس میں خواتین کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سٹی چوہدری انصر کو ہدایت کی گئی ہے۔