سی پیک کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم 2030ء تک 100 ارب ڈالر سے بڑھ جائیگا، اقتصادی ماہرین

بدھ 2 مئی 2018 14:55

سی پیک کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم 2030ء تک 100 ارب ڈالر سے بڑھ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت پاکستان میں کی جانیوالی سرمایہ کاری کا حجم 2030ء تک 100 ارب ڈالر سے بڑھ جائیگا جبکہ قبل ازیں منصوبہ پر کی جانیوالی سرمایہ کاری کا تخمینہ 60ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔گزشتہ روز اس حوالے سے اقتصادی ماہرین کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا تاہم مقامی صنعت کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایوان صنعت و تجارت کراچی کے صدر مفسر عطاء ملک نے کہا کہ سرمایہ کاری بڑھنے سے جہاں ملک میں کاروباری ، تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بڑھیں وہیں پر مقامی صنعت کو بعض مشکلات بھی پیش آسکتی ہیں جس کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی مساوی مواقع فراہم کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ سی سی آئی قومی صنعت کی ترقی اور فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے تاہم اس حوالے سے حکومتی سطح پر بھی اقدامات کی ضرورت ہے۔مقامی صنعت کے تحفظ کیلئے سی پیک کے تحت کی جانے والی سرمایہ کاری کے تحت لگنے والی صنعتوں میں مقامی کمپنیوں اور اداروں کی شرکت کو ضروری قرار دیا جائے جس سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔