ٹیم سے ڈراپ کئے جانے والے وہاب ریاض کیلئے انگلش کائونٹی نے اپنے دروازے کھول دیئے

ڈربی شائر نے ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کیلئے معاہدہ کرلیا، شاندارکارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں واپسی کا کیس مضبوط کرسکتے ہیں ، کرکٹ حلقے

بدھ 2 مئی 2018 14:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) خراب کارکردگی پر قومی ٹیم سے ڈراپ کئے گئے فاسٹ بالر وہاب ریاض کے ساتھ انگلش کانٹی کلب ڈربی شائر نے ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کیلئے معاہدہ کرلیاہے،،کرکٹ حلقوں کاکہنا ہے کہ وہاب انگلش ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاکر قومی ٹیم میں اپنی واپسی کا کیس مضبوط بناسکتے ہیں۔وہاب ریاض کا پی ایس ایل میں ریکارڈ خاصا شاندار رہاہے۔

(جاری ہے)

وہ پی ایس ایل 3میں فہیم اشرف کے ہمراہ ٹورنامنٹ کے سرفہرست بالر تھے اور انہوں نے سابق پی ایس ایل چیمپئن پشاور زلمی کیلئے فی اوور7سے بھی کم رنز دیتے ہوئی18وکٹیں حاصل کی تھیں۔قومی ٹیم سے باہر ہونے کے سبب وہاب ریاض انگلش کانٹی کو پورے سیزن کے دوران دستیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے 32سالہ فاسٹ بالر پر کھلے بندوں تنقید کرتے ہوئے کہاتھا کہ اس نے ہمیں دو سالوں میں کوئی میچ نہیں جتوایا ،اس صورتحال میں آگے کی جانب دیکھنا ہی بہتر ہوگا۔واضح رہے کہ وہاب ریاض کیربیئن پریمیئرلیگ میں بارباڈوس ٹریڈنٹس سے بھی معاہدہ کرچکے ہیں۔32سالہ پیسر اب تک 167ٹی ٹونٹی میچزمیں 7.11کے اکانومی ریٹ سے 197وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔۔