عالیہ اور ورون کی فلم 'کلنک' کی شوٹنگ سانپوں کی وجہ سے متاثر

بدھ 2 مئی 2018 14:57

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار ورون دھون کی آنے والی نئی فلم کلنک کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر 2 'بن بلائے مہمان' یعنی سانپ آگئے۔کرن جوہر پروڈکشن ہاس کے بینر تلے بننے والی فلم کلنککی کاسٹ میں عالیہ اور ورون کے علاوہ سوناکشی سنہا اور ادتیہ رائے کپور شامل ہیں، جب کہ 25 برس بعد سنجے دت اور مادھوری ڈکشت بھی ایک ساتھ سلور اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جب عالیہ بھٹ، ورون اور مادھوری نے شوٹنگ کا آغاز کیا تو اس دوران دو لمبے زہریلے سانپ ایک دوسرے پر لپکتے ہوئے فلم کے سیٹ پر آگئے، جس کے باعث فلم کی شوٹنگ کچھ گھنٹوں کے لیے روک دی گئی۔جس کے بعد عملے نے سانپوں کو پکڑ کر انہیں جنگل میں چھوڑ دیا۔واضح رہے کہ اس سیٹ پر شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم 'مائی نیم از خان' کی شوٹنگ کے دوران بھی اسی قسم کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔فلمساز اور ہدایتکار ابھیشیک ورمان کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ 45 دن تک جاری رہے گی تاہم پوری ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے حفاظتی اقدامات کردیئے گئے ہیں۔فلم 'کلنک' اگلے سال 19 اپریل کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔۔

متعلقہ عنوان :