پی ٹی آئی خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر رانا ثناء اللہ ،عابد شیر علی کیخلاف 2مزید مذمتی قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

نہ صرف ووٹ کو عزت دو بلکہ خواتین کو بھی عزت دو، اپنے بیانات پر معافی مانگیں ‘ تحریک انصاف اور (ق) لیگ کی قراردادوں میں مطالبہ

بدھ مئی 15:12

پی ٹی آئی خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر رانا ثناء اللہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) تحریک انصاف کی خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر وزراء رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کے خلاف 2مزید مذمتی قراردادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں۔۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خواتین ملکی آبادی کی 58 فیصد ہیں پھر بھی رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی جیسے پست ذہنیت کے لوگ خواتین کو نشانہ بنانے میں کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ان لوگوں نے خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کر کے خواتین کے حقوق کی باتیں کرنے والے حکمرانوں کو پول کھول دیا ہے لہذا پنجاب کا یہ مقدس ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ان دونوں افراد کس سرکاری عہدوں سے فارغ کیا جائے اور رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی اپنے اس بیان پر قوم سے معافی مانگیں ۔

(جاری ہے)

مزید برآں انہوں نے نجی چینل کے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ رانا ثناء اللہ کے بیان پر سوموٹو ایکشن لیں تاکہ آئندہ خواتین کی توہین کرنے کی روایت ختم ہو سکے۔جبکہ مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف ووٹ کو عزت دو بلکہ خواتین کو بھی عزت دو۔

جس کسی نے بھی ماں،بہن،بیٹی کا دل دکھایا،اس نے سکھ نہ پایا۔صنف نازک کا احترام اسلامی،اخلاقی اور مذہبی طور پر ہم سب پر لازم ہے۔۔وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے خواتین سے متعلق جو گھٹیا خیالات کا اظہار کیا ہے اس کی مذمت کرتے ہیںانکے اس بیان سے ملک بھر کی خواتین میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔انکا مطالبہ ہے کہ رانا ثنا اللہ اپنے بیان پر معافی مانگیں۔۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ سمیت تمام سیاستدانوں کو پابند کیا جائے کہ وہ کسی بھی عورت سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے گریز کریں۔