عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم اور مودی کے جنگی جنون کا فوری نوٹس لینا چاہئے‘ حاجی جاوید اختر چوہدری

بدھ 2 مئی 2018 15:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور حاجی جاوید اختر چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم اور مودی کے جنگی جنون کا فوری نوٹس لینا چاہئے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں انکا پیدائشی حق خود ارادیت دلانے میں اپنا بھر پور کر دار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو سفارتکاری کے آغاز کو حوصلہ افزاء قرار دیا اور اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل دونوں کے درمیان بات چیت سے ہی ممکن ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کے درران انہوں نے باور کرایا کہ دو متارکہ جنگ /ایل او سی کے قریب سرحدی دیہات پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے ۔

آزاد کشمیر کے غیور اور نڈر شہری ہندوستانی افواج سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ ایل او سی پر آباد کشمیریوںکا حوصلہ ناقابل تسخیر ہے ۔ انہوں نے کنٹرول لائن پر آباد شہریوں کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کیا اور کہا کہ بزدل بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں آباد کشمیریوں کے حوصلے کو پست ہرگز نہیں کر سکتے ۔