انتخابات کا شیڈول رواں ماہ کے آخر تک جاری ہونے کا امکان

حلقہ بندیوں اور الیکٹورل رولز کے حوالے سے کچھ دنوں میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا ،ْحکام الیکشن کمیشن

بدھ 2 مئی 2018 15:26

انتخابات کا شیڈول رواں ماہ کے آخر تک جاری ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان رواں ماہ کے آخر میں عام انتخابات کا شیڈول اور انتخابات کے حوالے سے دیگر اہم سرگرمیوں کی معلومات جاری کریگا۔ای سی پی کے سینئر حکام نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ الیکشن کا شیڈول کو 28 یا 29 مئی کو جاری کیا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ انتخابات کا شیڈول جاری کیے جانے سے ایک ہفتے قبل صدر ممنون حسین ای سی پی سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ انتخابات ایکٹ کے سیکشن 57(1) کے تحت الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صدر مملکت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہیں جبکہ اس کی ذیلی شق 2 کے تحت اعلان کے 7 دن کے اندر کمیشن نوٹیفیکیشن جاری کریگی اور اپنی ویب سائٹ پر شائع کرے گی جس میں تمام ووٹرز کو اپنے حلقے کے نمائندے کو چننے کا کہا جائیگا۔

(جاری ہے)

ای سی پی حکام نے بتایا کہ حلقہ بندیوں اور الیکٹورل رولز کے حوالے سے کچھ دنوں میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو بھی حلقہ بندیوں کے نوٹیفیکیشن جاری کیے جانے کے فوری بعد تعینات کردیا جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو عدلیہ سے چنا جائے گا جس کے لئے عدالت عالیہ سے فہرست موصول ہوچکی ہے جبکہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو رواں ماہ 5 روز کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔