بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل ادریس حسن لطیف کاانتقال

برطانیہ کی رائل ایئر فور س کا حصہ رہے ،تقسیم ہند کے وقت بھارتی فضائیہ کا انتخاب کیا،مقامی قبرستان میں سپردخاک

بدھ 2 مئی 2018 15:32

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل ادریس حسن لطیف انتقال کر گئے،بھارتی ٹی وی کے مطابق حیدرآباد اپنے ایک عظیم سپوت سے محروم ہوگیا جنہوں نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت کے علاوہ مایہ ناز خدمات انجام دی تھیں۔ بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل ادریس حسن لطیف کا گزشتہ روزحیدرآباد کے پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا۔

ان کی عمر 94برس تھی ۔لطیف جو 1978سے 1981تک فضائیہ کے سربراہ تھے کو نمونیہ کی شکایت پر 25اپریل کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔ ۔گزشتہ روز پرانا شہر حیدرآباد کے حسینی علم میںواقع آبائی قبرستان میںتدفین عمل میں آئی۔وہ 9جون 1923کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

نظام کالج سے تعلیم مکمل کی اور 1941میں رائل انڈین ایئر فورس سے 18سال کی عمر میں وابستہ ہوگئے ۔

امبالہ میں تربیت کی تکمیل کے بعد ان کو کراچی میں تعینات کیا گیا جہاں انہوں نے وینٹیج بائی پلینس اڑائے ۔1943-44میں وہ ان منتخب بھارتی پائلٹس میںسے ایک تھے جنہیں برطانیہ کی رائل ایئر فورس میں شامل کیا گیا تھا ۔وہ 1944کو بھارت واپس آئے اور برما کی مہم میں حصہ لیا ۔ تقسیم ہند کے موقع پر انہوں نے بھارتی فضائیہ کا انتخاب کیا حالانکہ بعض افراد نے ان پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستانی فضائیہ میں شامل ہو جائیں ۔ 1971کی جنگ کے دوران انہوں نے اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف اے سی اے ایس کے طور پر خدمات انجام دی تھیں ۔