رائو انوار پر خصوصی نوازشیں، ملیر کینٹ ہی سب جیل قرار

محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی جیل خانہ جات کو ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کے احکامات جاری کردیئے

بدھ 2 مئی 2018 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم رائو انوار پر خصوصی نوازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب ملیر کینٹ کے مخصوص حصے کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم رائو انوار کو کراچی منتقلی کے بعد ملیر کینٹ میں سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا تھا، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ سماعت میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم انکشاف ہوا ہے کہ انہیں جیل بھیجنے کے بجائے ملیر کینٹ منتقل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ عدالتی احکامات کے فوری بعد محکمہ داخلہ سندھ نے فون کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کو احکامات جاری کیے کہ رائو انوار کو سیکیورٹی خدشات ہیں اس لیے ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دیاجائے۔محکمہ داخلہ سندھ کے ٹیلی فون پر ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیاہے۔ملیر کینٹ ملتان لائنز کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن بدھ کو عدالت کو موصول ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی تاہم پولیس نے رائو انوار کو پیش کرنے کے بجائے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کردیا ۔ جس میں کہا گیا کہ وہ بیمار ہیں جس کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔