پاکستان بھرمیں آزادی صحافت کا عالمی دن آج منایا جائیگا

بدھ 2 مئی 2018 16:00

فیصل آباد۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن ’’ورلڈ پریس فریڈم ڈے‘‘ آج 3 مئی بروز جمعرات کو بھر پور انداز میں منایا جائیگا جبکہ اس دن کی مناسبت سے پاکستان بھر کی نمائندہ صحافتی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، ریلیوں اور مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جن میں مقررین ملک میں آزادی صحافت کی صورتحال اور صحافت کی آزادی کے راستے میں درپیش رکاوٹوں بارے اظہار خیال کریں گے۔

آزادی صحافت کا عالمی دن منانے کا مقصد پیشہ وارانہ فرائض کی بجا آوری کیلئے پرنٹ میڈیا کو درپیش مشکلات ، مسائل ، دھمکی آمیز رویہ اور صحافیوں کی زندگیوں کو درپیش خطرات کے متعلق قوم اور دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔ اس دن کے انعقاد کی ایک وجہ سوسائٹی کو یہ یاد دلانا بھی ہے کہ عوام کو حقائق پر مبنی خبریں فراہم کرنے کیلئے کتنے ہی صحافی اس دنیا سے چلے گئے اور کئی پس دیوار زنداں ہیں۔

(جاری ہے)

’’ ورلڈ پریس فریڈم ڈے‘‘ کا آغاز 1993ء میں ہوا تھا جس کی باقاعدہ منظوری اقوام متحدہ کے ادارے جنرل اسمبلی نے دی تھی۔ دریں اثناء آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پنجاب یونین آف جرنلسٹس ، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلب کے زیر اہتمام بھی آج " پاکستانی میڈیا اور شہریوں کے حقوق " کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا جا رہاہے جس میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والی اہم صحافتی شخصیات سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی جبکہ ممتاز صحافیوں ، وکلاء ، علماء ،دانشوروں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے منسلک اہم رہنما سیمینار سے خطاب کریں گے۔

ایف یو جے کے ترجمان نے بتایاکہ سیمینار کے شاندار انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔