سارک ممالک کی قیادت علاقائی و اقتصادی ترقی کیلئے آپسی اختلافات اور ریاستوں کے مابین تجارت میں رکاوٹوں کے خاتمے کیلئے جرات اور لچک کا مظاہرہ کریں

سارک چیمبر آف کامرس کے صدر روآن ایدر سنگھے کی دورہ پاکستان کے بعد کولمبو روانگی سے قبل گفتگو

بدھ 2 مئی 2018 16:00

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) سارک چیمبر آف کامرس کے صدر روآن ایدر سنگھے نے جنوبی ایشیا کی سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ علاقائی و اقتصادی ترقی کیلئے آپسی اختلافات اور ریاستوں کے مابین تجارت میں رکاوٹوں کے خاتمے کیلئے جرات اور لچک کا مظاہرہ کریں۔ دورہ پاکستان کے بعد کولمبو روانگی سے قبل یہاں ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سارک ممالک کے درمیان ثقافت، کھیلوں، سیاحت، تعلیم، تحقیق، انسانی وسائل کی ترقی، غربت کے خاتمے اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے اور رکن ممالک کو غربت، بیروزگاری اور اقتصادی تقسیم پر قابو پانے کے لئے اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرنا ہوگا۔

قریبی دوطرفہ تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممبر ممالک کو پالیسی سازوں، پارلیمانوں، کاروباری طبقات، پروفیشنلز اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں کے درمیان زیادہ روابط کی اجازت دینی چاہیے کیونکہ زیادہ سے زیادہ دو طرفہ رابطوں کے ذریعہ ہی ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس حقیقت پر افسوس کا اظہار کیا کہ یہ خطہ قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود دنیا میں انتہائی پسماندہ اور بنیادی صحت و تعلیمی سہولیات سے محروم ہے۔

سارک چیمبر کے صدر نے کہا کہ جنوبی ایشیا عالمی سطح پر تجربات سے سیکھتے ہوئے انہیں اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کر سکتا ہے کیونکہ تمام رکن ممالک کی پسماندگی اور غربت کے اسباب یکساں ہیں اور اس ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کیلئے اجتماعی کوششیں نہ کی گئیں تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطہ کی سوا ارب آبادی کو اپنی سیاسی لیڈرشپ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اس لئے ہمیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غربت، پسماندگی، بیروزگاری اور دیگر مسائل کے خاتمے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سارک چیمبر کے نو منتخب سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے سارک کو علاقائی تعاون کا متحرک ماڈل بنانے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک رکن ممالک میں اندرونی تجارت غربت پر قابو اور معیشتوں کے استحکام میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جبکہ سارک ویزا کی چھوٹکاروباری افراد اور ذرائع ابلاغ کے افراد سمیت عوامی رابطوں میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اس موقع پر سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک، وائس چیئرمین سارک یوتھ انٹر پرینیور شہریار علی ملک، مشیر سارک چیمبر زبیر احمد ملک، چیئرمین ایف پی سی سی آئی کوارڈینیشن کمیٹی ملک سہیل حسین، سیکرٹری جنرل حنا سعید اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل ذوالفقار علی بٹ بھی موجود تھے۔