کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات

باہمی تجارت کو بڑھانے ، دونوں ملکوں کے عوام کے مابین روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 2 مئی 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما نے دفتر خارجہ میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی۔بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق یکم مئی کو ہونے والے اس ملاقات میں بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے دو طرفہ،علاقائی و بین الاقوامی امور سمیت دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کو زراعت،فارماسیوٹیکلز،یوتھ ڈویلپمنٹ اور دفاعی تعاون جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں کام کرناچاہیئے۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید آگے لیجانے کیلئے تعاون پر مبنی معاہدوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ کو مشرقی افریقی خطے میں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کینیا کی وزیر خارجہ کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے متعلق بریف کیا۔وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما کینیا کے صدر کی خصوصی ایلچی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔قبل ازیں انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں کینیا کے صدر کی جانب سے کینیا کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ پہنچایا۔