حکومت نے کپاس بارے تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور ترقی کے لئے 2ارب 50 کروڑ روپے مالیتی انڈوومنٹ فنڈ قائم کردیا

بدھ 2 مئی 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) حکومت نے کپاس کے شعبہ میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور کپاس کی ترقی کے لئے ابتدائی طورپر 2ارب 50 کروڑ روپے مالیت کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ہے ، انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا مقصد کپاس کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور اپنے وسائل پر انحصارکرتے ہوئے پیداوار میں اضافے اور تحقیقی سرگرمیوںکو فروغ دینا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ( پی اے آر سی ) کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف ظفر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ( پی سی سی سی) کپاس کے تصدیق شدہ اور معیاری بیج کی فراہمی اور اس شعبہ کے لئے تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی سی سی سی کی کاوشوں سے فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہواہے اور کپاس کی بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انڈوومنٹ فنڈ سے سالانہ 600 سے 700 ملین روپے اضافی حاصل ہوں گے جن کوکپاس کے شعبے کی تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں پر خرچ کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ فنڈ کے قیام سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ زیر کاشت رقبہ بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تصدیق شدہ معیاری بیج اور کیڑے مار ادویات کی بروقت فراہمی سے پیداوار میں مزید اضافہ ممکن ہے ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ پی اے آر سی زرعی شعبہ کی ترقی اور بہتری کے لئے ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زرعی سائنسدان شعبہ کی ترقی و بہتری کے لئے اپنی بھر پور خدمات پیش کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :