سیز فائرلائن پرکشمیری بھارتی درندگی کا شکار ہیں‘ عامر رزاق

بدھ 2 مئی 2018 16:30

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2018ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اسلام گڑھ عامر رزاق نے کہا ہے کہ سیز فائرلائن پرکشمیری بھارتی درندگی کا شکار ہیں۔سرحدی علاقوں کے غیور عوام اور پاک فوج کے ہر جوان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔بھارتی افواج نے گزشتہ 70سالوں سے ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے جس کا کشمیری قوم ڈٹ کر مقابلہ کرتی چلی آ رہی ہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس انسانیت سوز سلوک اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر اپنا کردار ادا کرے اور خطہ کشمیر کے عوام کے غصب کئے گئے حق خودارادیت کو کشمیری عوام کو دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ہماری نوجوان نسل پر 8لاکھ بھارتی فوج جو ستم ڈھا رہی ہے اس کا ادراک بھارتی عوام کو بھی ہونا چاہیے کہ انھیں خون کی اس ہولی کا ایک نہ ایک دن حساب چکاناہوگا ۔

(جاری ہے)

کیونکہ یہ قدرت کا نظام ہے جو کبھی ٹل نہ سکے گا۔روزانہ درجنوں جانوں کا نذرانہ دے کر اور پیلٹ گنوں سے مفلوج ہو کر بھی کشمیر نوجوان پاکستانی پر چم اٹھا کر اور شہید ہونے کی صورت پاکستانی پرچم میں دفن ہونے کو اپناعزاز سمجھتے ہیں بھارت کو پاکستان وکشمیر کے محبت بھرے رشتے کو سمجھنا ہوگا۔پاکستان کے اندر موجودہ سیاسی حالات اور افرتفری کسی صورت فائدہ مند نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہ کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کا ایجنڈا خالصتاًتعمیر وترقی تھا آج ان پر اور ان کے خاندان پر سیاست کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر عوام ایسا ہر گز نہ ہونے دے گی۔ہم ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو ملک کے کونے کونے میں لے کر جائیں گے۔ہم کشمیری قوم اور آزاد حکومت میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمارا مطالبہ 2018ء میں مکمل طورپر منصفانہ انتخاب ہیں جس کے نتیجے میں مسلم لیگ ہی کی حکومت معرضِ وجود میں آئے گی۔