سرکاری جامعات طلبا ء و طالبات کو احسن طریقے سے معیاری اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہیں، سردار مسعود خان

آزادکشمیر کی معیشت اڑان لے رہی ہے اور مختلف شعبوں میں بے پناہ ترقی کر رہے ہیں ، طلبہ دنیا کی کسی بھی ملک میں جائیں اپنے قوم ملک والدین اور اساتذہ سے وفادار رہیں،صدرآزادکشمیرکاتقریب سے خطاب

بدھ 2 مئی 2018 16:59

میر پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر پور کے تیسرے کانوکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات طلبا ء و طالبات کو احسن طریقے سے معیاری اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہیں۔ ان جامعات میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کرام موجود ہیں جو کمال مہارت سے پیشہ وارانہ تعلیم اپنے طلباء و طالبات کو فراہم کر رہے ہیں۔

صدر نے جامعہ میر پور کو یہ عظیم کانوکیشن منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ گولڈ میڈل اور سرٹیفکیٹ کی صورت میں اپنے تعلیمی اہداف کو حاصل کرتے ہوئے اپنی محنت کا ثمر وصول کرر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جامعہ میر پور کے وائس چانسلر اور تمام سٹاف کو مبارکباد دی کہ انہوں نے انتہائی قلیل وقت میں میر پور یونیورسٹی کو آزادکشمیر اور پاکستان کی ایک بہترین یونیورسٹی بنا دیا ہے۔

جس میں مصنوعی ذہانت کی لیبارٹریز سمیت جدید مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں ۔ صدر نے کہا انہیں اس امر پر خوشی ہے کہ میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فیکلٹی ممبران قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف منصوبوں کے سلسلے میں تکنیکی مشاورت بھی فراہم کر رہے ہیں۔ اس یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بیرون ملک بالخصوص یورپ برطانیہ کے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد یونیورسٹی کی ترقی و ترویج میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

صدر نے کہا کہ یونیورسٹی میں چائنیز زبان کی تدریس کا عمل ایک احسن قدم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جامعہ ٹیلی میڈیسن میں بھی تکنیکی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کی معیشت اڑان لے رہی ہے اور ہم مختلف شعبوں میں بے پناہ ترقی کر رہے ہیں جس میں مواصلات ، تعلیم ، زراعت اور بالخصوص ٹورازم شامل ہیں۔

صدر نے کہا کہ عنقریب آزاکشمیر میں تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے گی۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور آزادکشمیر میں ایک معاشی انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ چار بڑے منصوبے آزادکشمیر میں پاکستان چین اقتصادی راہداری کے ذریعے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے جس میں میرپور مظفرآباد مانسہرہ ایکسپریس وے ، میرپور میں صنعتی زون کا قیام ، کروٹ میں 720میگاواٹ کا پن بجلی منصوبہ اور کوہالہ میں 1124میگا واٹ پن بجلی کا عظیم منصوبہ شامل ہے۔

صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان کی معیشت میں بھی انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بیس سالوں میں پاکستان دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ صدر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ یونیورسٹی سے فار غ التحصیل ہوکر جا رہے ہیں تو اپنے اندر بے پناہ قوت ارادی اور خود اعتمادی پیدا کریں اور اعلیٰ کردار کا مظاہرہ کریں ۔

صدر نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اعلیٰ اقدار (Value System)کو کبھی نہ بھولیں ۔ ایمانداری اور مسلسل محنت کو اپنا شعار بنائیں تو کامیابی و کامرانی آپ کے قدم چومے گی۔ صدر نے طلبہ سے کہا آپ جہاں بھی دنیا کی کسی بھی ملک میں جائیں اپنے قوم ملک والدین اور اساتذہ سے وفادار رہیں۔ انہوں نے اساتذہ کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اندر اپنے اپنے مضامین میں کمال مہارت حاصل کریں اور جامعہ کے اندر گڈ گورننس کو یقینی بنائیں۔

صدر نے کہا کہ آج آزادکشمیر میں ہم مکمل آزادی کا سانس لے رہے ہیں اور یہاں ہمیں ہر طرح کی سہولیات میسر ہیں لیکن لائن آف کنٹرول کے اس پار مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم ہے ۔ وہاں انسانوں کا قتل عام ، نوجوان بچے اور بچیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جار ہا ہے۔ معصوم بچیوں کو جنسی درندگی کا شکار بنایا جاتا ہے ۔ حریت رہنمائوں کو پابند سلاسل کیا جاتا ہے اور ان سب سے یہ سلو ک صرف اس لئے روا رکھا جا رہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے دئیے گے اپنے حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

وہ اپنے پیدائشی حق آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آج مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچے میں ایک صدا بلند ہو رہی ہے اور ایک ہی نعرہ گونج رہا ہے ’’ہم کیا چاہتے آزادی ہے حق ہمارا آزادیہندوستانی غاصبو واپس چلے جائو کشمیر ہمارا چھوڑ دو‘‘ صدر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بیرون ملک کشمیر کے تارکین وطن کو کشمیر کے معصوم و مظلوم لوگوں کی آواز اقوام عالم تک پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرناچاہیے ۔

انہوں نے نوجوان طلبا ء وطالبات سے کہا کہ وہ جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لاتے ہوئے بالخصوص سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر کاز کو پروموٹ کریں اور ہندوستانی مظالم کو اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو پوری دنیا میں اجاگر کریں تاکہ ہندوستان کو اس کے ظلم و ستم سے باز رکھا جا سکے۔ صدر نے تقریب میں آخر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈل پہنائے اور انہیں ڈگریاں دیں۔

اس تقریب میں وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان ، وائس چانسلر کوٹلی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی ، ایمبسیڈر عارف کمال ، راجہ نجابت حسین آف برطانیہ ، مرزا ظفر محتسب آزادجموں وکشمیر ، کمشنر میر پور ڈویژن چوہدر طیب ، ڈی آئی جی میر پور ڈویژن راشد نعیم ، جامعہ میرپور کے ڈینز فیکلٹی ممبران طلبہ کی کثیر تعداد مختلف شعبوں کے سربراہان ، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان، ضلعی انتظامیہ اور طلبا ء و طالبات کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔