بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیری شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہی ہے،راجہ فاروق حیدر

کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ثبوت موجود ہیں،دنیا کشمیری عوام کے خلاف سنگین بھارتی اقدامات کا نوٹس لے ، آئے روز نوجوانوں کو شہید کرنا معمول بن گیا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کے دورہ کے موقع پر گفتگو

بدھ 2 مئی 2018 16:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیری شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہی ہے جس سے پورے خطے کی سلامتی کو خطرہ درپیش ہے۔ سبز ہلالی پرچم سے کشمیریوں کو محبت ہے جسے کسی صورت کم نہیں کیا جا سکتا۔

بھارتی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ثبوت موجود ہیں دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کے خلاف سنگین بھارتی اقدامات کا نوٹس لیں، یاسین ملک ، سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق ،سید شبیر شاہ سمیت حریت رہنمائوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ قید میں گزارا۔ مقبوضہ وادی کے اندر نوجوانوں کا ماورائے قتل کیا جارہا ہے ، آئے روز نوجوانوں کو شہید کرنا معمول بن گیا ہے ، گزشتہ روز بھی نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے حریت قائدین کو اپنے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی ارکان پارلیمینٹ سے ہونے والے روابط کے بارے میں۔بھی بتایا اور کہا کہ کشمیرہوں نے انتہائی منظم انداز میںبھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف زبردست مظاہرہ کر کے یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ غاصب بھارتی تسلط میں کسی صورت نہیں رہیں گے اور اپنی تحریک آزادی سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

اس موقع پرحریت رہنماء فیض نقشبندی، کنوینر غلام محمد صفی کے علاوہ سید یوسف نسیم،رفیق بٹ ، شمیم شال،طاہر نقشبندی،محمود ساغر اور فاروق رحمانی دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے اب بدترین سطح پر اتر آئی ہے جس کیلئے اس نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے زخمی کشمیریوں کی زندگیاں انتہائی خطرے کا شکا رہیں کیونکہ ایسے میں ان کے زخم مندمل ہی نہیں ہوتے اور جسمانی طور پر انہیں شدید نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اس طرح کے سفاکانہ اقدامات کے باوجود بھی بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہ تو دبا سکا ہے نہ ہی ان کو جھکا سکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان کی محبت ہے اس لئے بھارتی فوج کی گولیوں کی بوچھاڑ میں بھی بہادر کشمیری سبز ہلالی پرچم لہراتے اور بلند کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے حریت قائدہن کو یقین دلایا کہ حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی ہے اور اس مقصد کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ آل پارٹیز حریت کانفرنس آزادکشمیر کے قائدین بھی ہمارے لیے قابل احترام ہیں ، ان کی تجاویز ہمارے لیے اہمیت کی حامل ہیں ، ان سے مشاور ت کی جائے گی اور کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مہاجرین مقیم آزادکشمیر کے مسائل کے حل کیلئے آزاد حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ،ملازمتوںکے کوٹہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کنوینر اے پی ایچ سی غلام محمد صفی کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی اور ان کی مغفرت کیلیے فاتحہ خوانی بھی کی۔حریت قائدین فیض نقشبندی اور غلام محمد صفی نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت اور تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے ان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔حریت رہنما ء فیض نقشبندی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ شبیر احمد شاہ 31 سال سے بھارتی فوج کی قید میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں انسانی حقوق کی تنظیمیں 63 سال کے شبیر احمد شاہ کی زندگی کو درپیش خطرات کا ادراک کریں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات کریں۔

31 سال سے بھارتی فوج کی قید کا شکار سید شبیر شاہ کی جرات اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتا ہوں،شبیر احمد شاہ کی مسلسل قید اور ان کا ہمالیہ جیسا حوصلہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔