Live Updates

تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

بدھ 2 مئی 2018 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق گرانفروشی پر قابو پانے کے لیے صوبائی دارلحکومت میں قائم کیے گئے 86سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔

جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹی بھی بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔شہر میں خوردونوش کی اشیاء کی قیمتیں بے قابو ہوگئی ہیں بتایا گیا ہے کہ رمضان شروع ہونے سے قبل ہی گرانفروشی کرنے والا مافیا میدان میں آگیا ہے جس میں دودھ اور دہی کی قیمت سمیت32اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دو ماہ کے دوران 8مرتبہ بڑھا دی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز دودھ کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر جبکہ دہی کی قیمت 10روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

چینی کی قیمت 74روپے کلو تک پہنچ گئی ہے خوردنی آئل کی قیمت میں 7روپے لیٹر جبکہ گھی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع لاہور میں 9زونوں کے اندر قیمتوں پر قابو پانے کے لیے 45زون افسروں کو سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا درجہ دیا گیا۔جبکہ محکمہ انڈسٹری ،فوڈ ،لیبر،ماحولیات ،زراعت اورمارکیٹ کمیٹیوں کے 30افسروں کو سپیشل مجسٹریٹ برائے انسداد گرانفروشی کے اضافی چارج دیے گئے جنہیں مہنگائی روکنے کا ٹاسک دیا گیا جبکہ تمام مجسٹریٹ مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کرنے پر ناکام رہے۔

مافیا نے 32اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں من مانے اضافے کردیے گئے۔اور رمضان شروع ہونے پر عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا ہے۔ آٹا ،مصالحہ جات،دالوں،چکن،گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات