پاکستان کوسٹ گارڈز کی منشیات کے خلاف کارروائیاں، شراب کی بوتلیں، ڈیزل، منشیات و دیگر اشیاء برآمد

بدھ 2 مئی 2018 17:52

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز (پی سی جی) نے گذشتہ 15 دنوں کے دوران منشیات کے خلاف مختلف کارروائیوں کے حوالے رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان پی سی جی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے ناکہ کھاری چیک پوسٹ (بلوچستان) میں ایک مسافر کوچ کی چیکنگ کے دوران ایک مسافر سے 12 کلو گرام حشیش برآمد کی۔

ایک اور کارروائی میں سونا پاس چیک پوسٹ (ہاکس بی) پر آئل ٹینکر سے 15500 لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا جبکہ گورانی جنگل، پسنی (بلوچستان) میں کارروائی کے دوران مشکوک جگہ پر چھپائی گئی 2100 بوتلیں شراب اور 850 بیئر کے ٹن بھی برآمد کئے ہیں۔ ایک دوسری کارروائی میں چوہڑ جمالی چیک پوسٹ ٹھٹھہ (سندھ) پر چیکنگ کے دوران ایک رکشہ سے 10 کلو گرام حشیش برآمد ہوئی جبکہ ابراہیم حیدری چیک پوسٹ پر ایک لانچ سے 2500 لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

دیگر کارروائیوں میں مختلف گاڑیوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جس میں مختلف کمپنیوں کے موبائل فونز، غیر ملکی کپڑا، الیٹرانک اشیاء، گاڑیوں کے ٹائر، اسپیئر پارٹس اور چھالیہ شامل ہیں، برآمد کی گئیں۔ پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کوسٹ گارڈز نے 21 تارکین وطن کو بھی گرفتار کیا جو کہ غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، متفرق اشیاء، گاڑیاں، 6 اسمگلرز اور 21 تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے تحویل میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پکڑی جانے والی منشیات، متفرق اشیاء اور گاڑیوں کی مالیت اربوں روپے ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے اندرون و بیرون ملک اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لئے پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں گشت اور چیکنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ وطن عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔