سی ڈی اے فرنیچر مارکیٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، شیخ عامر وحید

گولڑہ روڈ اسلام آباد کا حصہ ہے ترقیاتی کام کرائے جائیں ،شیخ جاویداقبال

بدھ 2 مئی 2018 17:54

سی ڈی اے فرنیچر مارکیٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، شیخ عامر وحید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن فرنیچر مارکیٹ گولڑہ روڈ کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے حلف لیا جبکہ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، مرکزی انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری خالد چوہدری اور دیگر بھی بطور اعزازی مہمان تقریب میں موجود تھے۔

شیخ جاوید اقبال نے صدر، شیخ کاشف نے سینئر نائب صدر، رانا مجاہد نے نائب صدر، شیراز احمد نے جنرل سیکرٹری، محمد مدثر نے ایڈیشنل سیکرٹری، سرانجام خان نے رابطہ سیکرٹری اور محمد نعیم نے بطور فنانس سیکرٹری اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ فرنیچر مارکیٹ گولڑہ روڈ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے۔

انہوںنے کہا کہ فرنیچر مارکیٹ میں فٹ پاتھ، سٹریٹ لائٹس، فلٹریشن پلانٹ اور پبلک ٹوائلٹ جیسی سہولیات کا فقدان ہے لہذا سی ڈی اے ان مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد جیسے شہر میں بنیادی سہولتوں کے بغیر مارکیٹ میں کاروبار چلانا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے فرنیچر مارکیٹ کیلئے ایک مخصوص جگہ فراہم کرنے پر غور کرے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فرنیچر مارکیٹ کی تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں نومنتخب عہدیداران کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔فرنیچر مارکیٹ کے نومنتخب صدر شیخ جاوید اقبال اور جنرل سیکرٹری شیراز احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ فرنیچر مارکیٹ کے مسائل کے حل کرانے کیلئے چیمبر کے ساتھ مضبوط روابط قائم رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر مارکیٹ کوکینٹ کی وجہ سے زبردستی راولپنڈی کا حصہ بنایا جا رہا ہے حلانکہ یہاں کی تاجر برادری اسلام آباد یونین کونسل میں شامل ہے۔ انہوںنے کہا کہ فرنیچر مارکیٹ میں بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے تاجروں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے مارکیٹ کی بہتر ترقی پر توجہ دے اور اس کے مسائل فوری حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری خالد چوہدری، یوسی کے وائس چیئرمین ملک مہربان اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی جبکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔