گورنرسندھ محمد زبیر کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈٖ اینڈ انڈسٹریز کا دورہ

وفاقی حکومت کا پیش کردہ بجٹ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ میں معاون ثابت ہوگا،عوام کو سہولیات ملیں گی،گورنرسندھ قومی معیشت میں کاٹی کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے،ایسوسی ایشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا ئیں گے،خطاب

بدھ مئی 17:54

گورنرسندھ محمد زبیر کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈٖ اینڈ انڈسٹریز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈٖ اینڈ انڈسٹریز (کاٹی) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر طارق ملک ، سرپرست ایس ایم منیر ، عبدالحسیب خان ، زبیر چھایا، خالد تواب اور علی مظہر شیخ سمیت دیگر صنعت کار بھی موجود تھے ۔۔گورنر سندھ نے ایسوسی ایشن کے اراکین سے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی معیشت میں کاٹی کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے با الخصوص روزگار کے مواقع اور غربت کے خاتمہ میں ایسوسی ایشن قومی خدمات انجام دے رہی ہے ، ایسوسی ایشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا ئیں گے تاکہ صنعتی فعالیت مزید بہتر ہو سکے اس ضمن میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے متعلق مسائل کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے فوری حل کرایا جا ئے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتی فعالیت کے لئے حکومت نے بجٹ میں کئی مراعات اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے ترقیاتی منصوبے با الخصوص صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے بڑی رقم مختص کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جامع اور مربوط حکمت عملی کے باعث اب کوئی بھی کراچی کو بند نہیں کراسکتا ہے ،حکومت کے غیر متزلزل عزم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت اور کاوششوں کے باعث کراچی کی رونقیں دوبارہ بحال ہوئی ہیں اور شہر کے باسی سماجی، ثقافتی ،ادبی ، معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں، 2013ء سے حکومت کو ملک میں امن و امان کے قیام اور توانائی بحران جیسے چیلنجز کا سامنا تھا ،،کراچی میں امن وفاقی حکومت کے سیاسی عزم اور مثبت سوچ کی بدولت ہی آیاجس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے تما م اسٹیک ہولڈرز با الخصوص سرمایہ کار،، صنعت کار اور ر تاجر برادری کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رینجر ز کودیئے جانے والے خصوصی اختیارات کی بدولت ہی کراچی سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ممکن ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ امن وامان کے تسلسل کے لیے رینجرز صوبے میں موجود رہے گی۔ملک کی معاشی تعمیر و ترقی کے لیے صنعت کاروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے مشکل اور ناموافق حالات میں بھی ملک کی معیشت کو بہتری کی راہ پر گامز ن کرنے کے لیے مثبت سوچ کو برقرار رکھا جس کی بدولت آج پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور جو کہ آنے والی نئی حکومت کے لیے ایک تحفہ ہوگی۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تمام معاشی اشاریے پچھلے پانچ سالوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہیںجو موجودہ حکومت کی سخت اور مخلصانہ جہدوجہد کا ثمر ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگلے دس سال پاکستان کی معیشت کا سنہرا دور ہوں گے جس کی پیشن گوئی بین الاقوامی جریدے بھی کر رہے ہیں۔۔گورنر سندھ کہا امن و امان کے قیام کے بعد حکومت کی اولین ترجیح تیز رفتار معاشی ترقی پر مرکوز ہے جس کے لیے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

طارق ملک اور سرپرست ایس ایم منیر نے گورنر سندھ کو کاٹی کے اغراض ومقاصد ، قومی معیشت میں کردار ، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل ، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ انہوں نے بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدمات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے کاروبار دوست بجٹ قرار دیا۔