آسٹریلوی بورڈ کا دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی سے رابطے کی تصدیق سے انکار

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے ، آسٹریلوی ٹیم کے نقطہ نظر سے ہم سیریز متحدہ عرب امارات سے کہیں اور منتقل کرنے پر غور نہیں کر رہے،ترجمان کر کٹ آسٹریلیا

بدھ مئی 18:20

آسٹریلوی بورڈ کا دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی سے رابطے کی تصدیق سے انکار
سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے دورہ پاکستان کے لئے پی سی بی سے رابطہ کرنے کی خبروں کی تصدیق سے انکار کیا ہے۔۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں شیڈول ہے جس کے لیے پاکستان کو مہمان کینگروز کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی کرنا ہے۔اس حوالے سے خبریں گردش کررہی تھیں کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل کی جائے۔

(جاری ہے)

تاہم کینگروز بورڈ کے ترجمان نے ان خبروں کی تصدیق سے انکار کیا اور کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی ہماری سب سے اولین ترجیح ہے اور آسٹریلوی ٹیم کے نقطہ نظر سے ہم سیریز متحدہ عرب امارات سے کہیں اور منتقل کرنے پر غور نہیں کر رہے۔یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے 1998 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا اور دونوں ممالک متحدہ عرب امارات،، انگلینڈ اور سری لنکا کے میدانوں کو سیریز کے لئے نیوٹرل وینیو کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔