نیوٹیک کے زیر اہتمام ملک میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس (کل) منعقد ہو گی

کانفرنس میں 20ممالک کے وفود شرکت کریں گے

بدھ 2 مئی 2018 18:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ( نیوٹیک )کے زیر اہتمام ملک میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس )آج (جمعرات منعقد ہو گی۔ کانفرنس میں برطانیہ، جرمنی ، چین، آسٹریلیا ، جنوبی کوریا، ترکی، ملائیشیا ، سری لنکا ، فلپائن ، قطر ، کویت ، اومان ، ایران، قازقستان ، تاجکستان اور بنگلہ دیش سمیت 20 سے زائد ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔

کانفرنس کا اہم مقصد دیگر ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے، پرائیویٹ سیکٹر اور انڈسٹری کے کردار کو مرکزی دھارے میں لانا، نصاب کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے ، نوجوانوں کو فنی ، تکنیکی تعلیم و تربیت اور ان کیلئے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ یہ کانفرنس تربیت مہیا کرنے والے اداروں اور انڈسٹری کے درمیان خلاء کو پُر کرنے میں انتہائی مفید ثابت ہوگی ۔

مزید برآں اس سے پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ روابط استوار کرنے کے ساتھ ساتھ ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار مہیا کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے پاکستان اور اسکا فنی تربیت کا شعبہ دنیا میں متعارف ہوگا۔ یہ کانفرنس نیوٹیک،TVETسپورٹ پروگرام اور GIZکے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔