Live Updates

خواتین کسی بھی معاشرے سے تعلق رکھتی ہوں، عزت و احترام ان کا بنیادی حق ہے، ڈاکٹر عارف علوی

انسانیت یہ ہے کہ خواتین کی تذلیل کرنے والے کسی بھی رہنما، سیاسی پارٹی یا سماجی رہنما کی عزت نہ کی جائے ،رہنما تحریک انصاف

بدھ 2 مئی 2018 18:44

خواتین کسی بھی معاشرے سے تعلق رکھتی ہوں، عزت و احترام ان کا بنیادی حق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی اور سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے سے تعلق رکھتی ہوں، عزت و احترام ان کا بنیادی حق ہے۔ صرف مرد ہی انسان نہیں ہوتے جن کی عزت کی جائے، خواتین بھی احترام کے لائق ہوتی ہیں۔

جو لوگ خواتین کو گوشت پوست کے ٹکڑوں کی طرح دیکھتے ہیں، انہیں انسان کہلانے کا کوئی حق نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے رانا ثناء، عابد شیر علی اور طلال چودھری کے بیانات کی مذمت کے بعد ان کے خلاف حکومتی اسمبلیوں میں قراردادیں جمع ہوچکی ہیں۔ اس کے باوجود ن لیگ کے موجودہ سربراہ شہباز شریف کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ اس طرح کے لوگوں کے خلاف ن لیگ سنجیدگی سے اقدامات کرے۔ بصورتِ دیگر ہم پورے پاکستان کی خواتین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ن لیگ کا سماجی بائیکاٹ کریں ۔ خواتین ہی نہیں بلکہ مرد حضرات سے بھی اپیل ہے کہ غیرت کے نام پر کسی کو کلہاڑیوں کے وار کرکے مار ڈالنا انسانیت نہیں ہے بلکہ انسانیت یہ ہے کہ خواتین کی تذلیل کرنے والے کسی بھی رہنما، سیاسی پارٹی یا سماجی رہنما کی عزت نہ کی جائے۔

اگر ایسے لوگ سیاست سے تعلق رکھتے ہوں تو انہیں ووٹ نہ دئیے جائیں ۔ ان کی تقریریں ان کے جلسوں میں جا کر، ٹی وی پر یا یوٹیوب پر بھی نہ دیکھی جائیں۔ پورے پاکستان کے مردو زن پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ آئیں اور ہمارے اس مؤقف پر ہمارے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ن لیگ کے خلاف احتجاج کریں جب تک مذکورہ لیگی رہنمائوں کو سزا نہیں ملتی۔ اگر آپ میں سے کوئی ایک شخص بھی ہمارے ساتھ کھڑا نہ ہوا ، تب بھی ہم اپنا برحق احتجاج جاری رکھیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات