سندھ انویسٹمنٹ کلائمٹ امپروومنٹ سیل کے تحت پہلے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرکا باقاعدہ آغاز

بدھ 2 مئی 2018 18:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے دفتر میں آج صوبے کے پہلے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا اس سینٹر میں ویب پورٹل کے زریعے کاروبار کا آغاز کر نے والوں کو ون ونڈو کے تحت کاروبار کے لئے مطلوبہ رجسٹریشن کا اجراء ممکن بنایا جائے گا۔ سینٹر کے قیام میں ورلڈ بنک نے ایس بی آئی کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو کاروبار کے آغاز کے لئے ون ونڈو کے ذریعے متعلقہ محکموں سے رجسٹریشن کے حصول،پر میشن یا این او سی کے جلد از جلد اجراء کے لئے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایسے ہی فیسیلیٹیشن سینٹرز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری،محکمہ محنت،محکمہ صنعت اور سیسی کے دفاتر میں بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت کے ذریعے مطلوبہ رجسٹریشن کے جلد از جلد اجراء کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے سندھ انویسٹمنٹ کلائمٹ امپروومنٹ سیل (سکک) کے ذر یعے کاروبار کے آغاز کے لئے متعلقہ اداروں سے رجسٹریشن اور دیگر پرمیشنز permissions کے اجراء کی مدت کو کم تر کرانے کے لئے ورلڈ بنک کی ٹیم کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تعاون کے ذریعے صوبے میں سرمایہ کاری کے ماحول کو پر کشش بناناہی ہمارا بنیادی مقصد ہے۔

اس موقع پر ورلڈ بنک کے سینئر اکنامسٹ امجد بشیر نے بھی خطاب کیا اور گزشتہ مہینوں میں سندھ حکومت کے مختلف اداروں کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کے بارے میں بتایا، اس موقع پر ورلڈ بنک کے پرائیویٹ سیکٹر اسپیشلسٹ Mr.Harve Kaddoura, آپریشن انالسٹ Mr.Albert Nogues,Mr Martin Palmer, سینئر پرائیویٹ سیکٹر اسپیشلسٹ مس کرن افضل کے علاوہ ، بورڈ اف انویسٹمنٹ اسلام آباد کی ایڈیشنل سیکریٹری فرینہ مظہر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ بانو خان جبکہ پرائیویٹ سیکٹر سے سندھ انویسٹمنٹ کلائمٹ کی ایڈ وائزری کونسل کے ارکان میں اسد علی شاہ،حسن بخشی،ابرا ہیم شمسی،محمد شاہد علی حبیب،رضوان دیوان، عبدالرشید جان محمد،شہزاد صابر اور دیگر موجود تھے۔