بھارت ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے قائداعظم کی تصویر راتوں رات غائب

محمد علی جناح کو 1938 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اعزازی رکنیت دی گئی تھی ، بی جے پی نے تصویر ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا

بدھ مئی 18:44

علی گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) بھارت کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آویزاں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر راتوں رات غائب ہوگئی۔واضح رہے کہ محمد علی جناح کو 1938 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اعزازی رکنیت دی گئی تھی اور ان کی تصویر دیگر رہنماں کے ساتھ یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ یونین آفس میں لگائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ستیش کمار نے رواں ہفتے 30 اپریل کو علی گڑھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر طارق منصور کے نام لکھے گئے خط میں یونیورسٹی میں آویزاں محمد علی جناح کی تصویر ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب بھارتی ٹی وی چینل نے نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ قائداعظم کی تصویر یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ یونین آفس سے غائب ہوگئی ہے۔تاہم اس حوالے سے اب تک کچھ سامنے نہیں آیا کہ یہ تصویر کس نے ہٹائی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل یونیورسٹی کے ترجمان شافع کدوائی نے تصویر کی حمایت میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد علی جناح اس جامعہ کے بانیان میں سے تھے اور ان کی یہ تصویر کئی عشروں سے یہاں لگی ہوئی ہے۔۔