آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 اورون ڈے کی رینکنگ جاری

ٹی ٹونٹی رینکنگ میں گرین شرٹس کی پوزیشن برقرار ، ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ نے بھارت کو نیچے دھکیل کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا

بدھ مئی 18:54

آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 اورون ڈے کی رینکنگ جاری
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ کی سالانہ رینکنگ جاری کردی گئی،،،ٹی ٹونٹی رینکنگ میں گرین شرٹس اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں جبکہ ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ نے بھارت کو نیچے دھکیل کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا ۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (((آئی سی سی))) کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق ٹی ٹونٹی میں گرین شرٹس کی حکمرانی برقرار ہے۔

ٹاپ 7 پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم افغانستان نے ایک درجہ ترقی کرکے 8ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ سری لنکن ٹیم نویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ پاکستان ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تاہم بھارت نے 2 پوائنٹس حاصل کرکے 123 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ مستحکم کرلیا ہے ، انگلینڈ کو 1 پوائنٹ ملا ہے جس کے بعد سابق ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن 115 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہی موجود ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ نے بھارت کو نیچے دھکیل کر پہلی پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے۔ جنوری 2013کے بعد پہلی مرتبہ برطانوی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی ہے ۔ سالانہ رینکنگ میں انگلینڈ کو 8 پوائنٹس ملے جس کے بعد اس نے 125 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے سے پہلے نمبر پر چھلانگ ماری ہے ، بھارتی ٹیم 1 پوائنٹ کھو کر 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔

جنوبی افریقہ کے بھی 4 پوائنٹس کھونے پڑے ہیں اور وہ 114 پوائنٹس کے ساتھ دوسری سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے ۔ون ڈے رینکنگ میں دیگر پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان ٹیم نے 6 پوائنٹس حاصل کرکے اپنے پوائنٹس 102 کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹی پوزیشن پر قبضہ مزید مضبوط کرلیا ہے۔ پانچویں پوزیشن ورلڈ چیمپئن آسٹریلیاکے پاس ہے جس نے رینکنگ اپ ڈیپ میں 8پوائنٹس کھوئے ہیں اور اب اس کا گرین شرٹس سے محض2پوائنٹس کا فاصلہ ہے۔۔