شہباز شریف 6مئی سے ایک مرتبہ پھرسندھ کا دورہ کریں گے ،مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کا اعلان

نواب شاہ ،مٹیاری ،میرپور خاص میں جلسوں سے خطاب کریں گے،خادم اعلیٰ کا دورہ سندھ میں امن و خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا مسلم لیگ (ن)کے صدر صوبے کے عوا م کو 10سال سے سندھ پر مسلط پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت سے چھٹکارا دلائیں گے،مشترکہ بیان

بدھ 2 مئی 2018 20:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہان، جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ،ایڈیشنل سیکرٹری سہیل ندیم اور لیبرونگ سندھ کے سیکرٹری عبدالرحیم اعوان نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراوروزیراعلیٰ پنجاب میاںشہباز شریف 6مئی سے ایک مرتبہ پھرسندھ کا دورہ کریں گے ۔وہ نواب شاہ ،مٹیاری ،میرپور خاص میں جلسوں سے خطاب کریں گے ۔

خادم اعلیٰ کا دورہ سندھ میں امن و خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا ۔مسلم لیگ (ن)کے صدر صوبے کے عوا م کو 10سال سے سندھ پر مسلط پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت سے چھٹکارا دلائیں گے ۔۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو جاری بیان میں کیا ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ صدر مسلم لیگ (ن) نے سندھ پر اپنی توجہ مرکو ز کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے گزشتہ دورے سے پیپلزپارٹی جس بوکھلاہٹ کا شکار ہوئی ہے اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وہ میاں شہباز شریف سے خوفزدہ ہے ۔

انہوںنے کہا کہ خادم اعلیٰ کے دوروں سے سندھ میں مسلم لیگ کے کارکنوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور وہ مزید جذبہ کے ساتھ میاں نواز شریف کے بیانیہ کو عوام تک پہنچارہے ہیں ۔سندھ کے عوام نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کا اظہار کیا تو وادی مہران کو ایک ماڈل صوبے میں تبدیل کردیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ میاں شہباز شریف نے پنجاب کے بعد سندھ کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کرلیا ہے ۔

آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سمیت سندھ سے بھرپورکامیابی حاصل کرکے کھنڈر بنے صوبہ سندھ کی تقدیر بدل دیںگے ۔میاں شہباز شریف کو پورے ملک میں تبدیلی کا استعارہ سمجھا جاتا ہے اور اب ان کے انقلابی وژن کے مطابق سندھ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف پنجاب کی طرح سندھ کے عوام کے لیے بھی نجات دہندہ ثابت ہوںگے ۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت شہباز شریف کے سندھ میں متحرک ہونے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور نازیبا بیانات جاری کرکے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہی ہے ۔10سال سے سندھ میں حکمرانی کرنے والوں نے صوبے کو کھنڈر میں تبدیل کردیا ہے اور ان کو خوف ہے کہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف کا ترقی کا ایجنڈا پورے ملک کی طرح سندھ سے بھی ان کی سیاست کا صفایا کردے گا ۔#