آئی سی سی نے محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دیدیا

آف اسپنر کی تمام گیندوں کے دوران بازو کا خم 15 ڈگری سے کم رہا ،رپورٹ

بدھ 2 مئی 2018 20:23

آئی سی سی نے محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دیدیا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی آل رانڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ 17 اپریل کو انگلینڈ میں ہوا تھا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آف اسپنر کی تمام گیندوں کے دوران بازو کا خم 15 ڈگری سے کم رہا اور ایکشن کلیئر ہونے کے بعد محمد حفیظ اب انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کر سکتے ہیں۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق میچ ریفریز کو اب بھی آزادی ہے کہ اگر انہیں مستقبل میں شک ہو کہ حفیظ کا بولنگ ایکشن مشکوک ہے تو پھر وہ انہیں دوبارہ سے جائزے کا کہہ سکتے ہیں اور میچ آفیشلز سے تعاون کیلئے آف اسپنر کے تبدیل شدہ ایکشن کی تصاویر اور ویڈیوز انہیں فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

پہلی مرتبہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن نومبر 2014 میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران مشکوک قرار دیا گیا اور پھر بولنگ ایکشن میں بہتری اور ٹیسٹ کے بعد انہیں اپریل 2015 میں بولنگ کی اجازت دے دی گئی۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن 24 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ رپورٹ ہونے کے بعد ان پر جولائی 2015 میں 12 ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی اور پھر ایکشن میں دوبارہ سے بہتری کے بعد انہیں نومبر 2016 میں بولنگ کرانے کی اجازت دے دی گئی۔تیسری مرتبہ حفیظ کا بولنگ ایکشن اکتوبر 2017 میں سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی میں ہونے والی ایک روزہ سیریز میں رپورٹ ہوا اور پھر نومبر 2017 میں ایک بار پھر ان کے بولنگ کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔۔

متعلقہ عنوان :