سندھ اورکراچی کوبھی شہبازشریف جیسا لیڈرچاہیے،صحافیوں کےتاثرات

وزیراعلیٰ پنجاب سےسندھ کے سینئرصحافیوں کی ملاقات،لاہوراورپنجاب میں ترقی کی تعریف،پنجاب میں کرپشن کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی،پی ٹی آئی نےاحتساب کمیشن کوبھی غیرفعال کردیا،ترقی پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا حق ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کی گفتگو

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ مئی 18:07

سندھ اورکراچی کوبھی شہبازشریف جیسا لیڈرچاہیے،صحافیوں کےتاثرات
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02مئی 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقی پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا حق ہے ،ہم تمام شہروں کی یکساں ترقی کے ویژن پر یقین رکھتے ہیں ۔کاش لاہور سے پہلے کراچی میں اورنج لائن میٹروٹرین اورمیٹروبس پراجیکٹ بنا ہوتا ۔ترقی کیلئے ملکی وسائل پر ملک کا گیٹ وے ہونے کی وجہ سے کراچی کا زیادہ حق ہے۔

کراچی کو اس کا حق ادا کرنے کی کوشش ضرور کریں گے۔۔کراچی کو بہتر ٹرانسپورٹ سسٹم اور مواصلاتی نظام کی اشد ضرورت ہے ۔اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو کراچی میں لاہور سے بڑھ کر ترقیاتی منصوبے مکمل کرائیں گے۔۔کراچی سے محبت تھی اورکراچی سے محبت کرتا رہوں گا۔۔پنجاب نے قومی مالیاتی کمیشن میں خیر سگالی کے جذبے کے تحت سندھ کو 77ارب سے زائدکے وسائل دےئے۔

(جاری ہے)

سندھ کو وسائل میں حصہ دیکرپنجاب نے بڑے بھائی ہونے کا کردارنبھایا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں سندھ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جلد اندرون سندھ کے دوروں کا آغاز کروں گااورسندھ میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم کو زیادہ مضبوط اورموثر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے ،امید ہے عام انتخابات منصفانہ اورشفاف ہوں گے اورتمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع ملیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بھر پور انتخابی مہم چلائے گی۔۔عمران خان نے کوئی نئے نکات نہیں دےئے۔عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے لے کرجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی بڑھنے کے ساتھ وسائل میں اضافہ بہت ضروری ہے اورکشکول توڑنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔ہم نے پنجاب میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ۔

پی ٹی آئی نے کے پی کے میں احتساب کمیشن بنایا اورپھر اسے غیر فعال کردیا جبکہ ہم نے پنجاب میں کرپشن کو بہت حد تک کنٹرول کیا ہے۔منصوبوں میں شفافیت کے ذریعے کئی سو ارب روپے کی بچت کی ہے ۔۔پاکستان کی تاریخ میں ایسی بے مثال بچت کی کوئی نظیر نہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں چار مارشل لاء لگے اورمارشل لاء کے ادوار میں ملک پیچھے کی طرف گیا۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ جھوٹ اورالزامات کے ذریعے معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں ۔آپ سب کو سچ کا بول بالا کرنا ہے ،اسی سے معاشرہ توانا ہوگا۔ہمارا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اورخوشحالی ہے اورمیں آزادی صحافت کے حق میں ہوں ۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں ۔جنوبی پنجاب میں بچیوں کی انرولمنٹ یقینی بنانے کیلئے وظیفہ کی شرح ایک ہزار روپے کردی گئی ہے اورجنوبی پنجاب میں تعلیم ،صحت اورٹرانسپورٹ کے شعبے میں میگا پراجیکٹس مکمل کیے گئے ہیں ۔

اربوں روپے کے پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ہم آہنگی ضروری ہے اورسب اداروں کو پاکستان کیلئے ملکر کام کرنا ہے اورآئین کے اندر رہتے ہوئے ہر ادارے کو اپنا مثبت کردارنبھاناہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پبلک سروس اورپارٹی سے وابستگی رکھنے والوں کو ترجیح دیں گے۔۔سندھ کے صحافیوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب میں ترقی قابل تحسین ہے۔۔لاہور کی ترقی کے سندھ میں بہت چرچے ہیں۔اندرون سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اورکراچی کو شہبازشریف جیسا لیڈر چاہیے۔شہبازشریف کچھ عرصہ کیلئے کراچی آجائیں تاکہ کراچی کی محرومیاں دوراورمسائل حل ہوں۔