اے این پی کا وزیر اعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے گورنر خیبر پختونخوا کو خط

خط اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی جانب سے تحریر کیا گیا ْ وزیر اعلیٰ اعتماد کھو چکے ہیں اور موجودہ وقت میں انہیں صرف قلیل ممبران کی حمایت حاصل ہے

بدھ 2 مئی 2018 21:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی نے گورنر خیبر پختونخوا کے نام خط تحریر کیا ہے جس میں ان سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل130کلاس7کے تحت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں۔خط اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی جانب سے تحریر کیا گیا اور اس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اپنا اعتماد کھو چکے ہیں اور موجودہ وقت میں انہیں صرف قلیل ممبران کی حمایت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اسمبلی کی اکثریت نی2013کے انتخابات کے بعد وزیر اعلیٰ ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا ، لیکن بدقسمتی سے گزشتہ پانچ سال کے دوران ناقص حکومتی پالیسیوں ، صوبے کو بدترین مشکلات سے دوچار کرنے اورمالی و انتظامی طور پر صوبے کو دیوالیہ کرنے سے جیسے مسائل کی وجہ سے اسمبلی کے اندر وزیر اعلیٰ کو اپنے عہدے پر برقرار رہنے کیلئے ممبران کی مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل نہیں رہی ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنر اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہیں گے ۔