کھیل نوجوان نسل کی ذہنی وجسمانی نشو نما اور صحت کیلئے بہت ضروری ہے ،ڈی آئی جی مردان

بدھ 2 مئی 2018 20:30

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس مردان ریجن محمد عالم خان شنواری نے کہا ہے کہ کھیل نوجوان نسل کی ذہنی وجسمانی نشو نمااور صحت کیلئے بہت ضروری ہے ، اس سے نہ صرف نوجوانوں میں مقابلے کی فضا پروان چڑھتی ہے بلکہ اس سے ہم اپنے تہذیب ، ثقافت اور روایات کو بھی زندہ رکھتے ہیں ۔ وہ غونڈوشموزئی تحصیل کاٹلنگ میں صوبائی یوسفزئی امن مخہ (تیراندازی) ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے کے بعد بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔

ٹورنامنٹ کا انعقاد یوسفزئی مخہ آرگنائزیشن ضلع مردان نے کی۔ تقریب سے ممبر صوبائی اسمبلی جمشید مہمند اور ممتاز صحافی اور سماجی شخصیت رحیم اللہ یوسفزئی اور صدر امجد حسین یوسفزئی نے بھی خطاب کیا ۔ محمد عالم شنواری نے جیتنے والی ٹیم بونیر بازارگئی اور رنر اپ ٹیم شموزئی مردان کو بالترتیب 12ہزار اور 10ہزار روپے کے نقد انعامات اور ٹرافیاں دی جبکہ مین آف دی میچ کو 2ہزار ورپے نقد اور ٹرافی دی گئی۔

(جاری ہے)

فائنل مقابلے میں بونیر بازارگی ٹیم نے مردان شموزئی ٹیم کو 15-13اور 16-15کا کانٹے مقابلے سے ہراکر ٹرافی اپنے نام کی ۔ اس ٹورنامنٹ میں پورے صوبے سے 18ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ جبکہ سپانسرز میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی) ، مردان تعلیمی بورڈ ،اور بعض نجی ادارے شامل تھے۔ اپنے خطاب میں محمد عالم شنواری نے کہا کہ ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کریں گے کہ مخہ (تیر اندازی ) کو نیشنل لیول کی گیمز میں شامل کریںجبکہ کوشش ہوگی کہ سکول اور کالج لیول پر بھی اس کے ٹورنامنٹس شروع کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں قیام امن کیلئے پاکستان کے اداروں نے قربانیاں دی ہیں وہاں عوام نے بھی اپنا کردار اچھے طریقے سے نبھایا ہے ۔ نتیجتاًقیام امن کے بعد اس قسم کے صحت افزاء کھیل کودکے مواقع عوام کو مل رہے ہیں ۔