بلین سونامی ٹری اور میٹرو میں اربوں کی کمیشن کی تحقیقات کی جائیں، ہارون بشیر بلور

بدھ 2 مئی 2018 20:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا ہے کہ نیب آصف لقمان قاضی کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ کا نوٹس لے اور کرپشن کے حوالے سے ان تمام الزامات کا جائزہ لے کر تحقیقات کی جائیں ، بعض اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ آصف لقمان قاضی جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ہیں اور ان کی جماعت موجودہ صوبائی حکومت کی اتحادی ہے ان کی بات میں کچھ تو ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے ، ہارون بلور نے کہا کہ اے این پی بار ہاکہہ چکی ہے کہ بی آر ٹی کرپشن اور کمیشن کیلئے شروع کی گئی ہے اور اب دیگر جماعتوں اور حکومت کے اتحادیوں کی جانب سے بھی باز گشت سنائی دے رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ بلین سونامی ٹری میں18ارب جبکہ میٹرو میں وزیر اعلیٰ نے تین ارب روپر کمیشن وصول کیا جسے آئندہ الیکشن جیتنے کیلئے استعمال کیا جائے گا، انہوں نے الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ حالات کی نزاکت کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاسی رشوت کے استعمال کا نوٹس لے اور نیب سمیت تمام احتسابی ادارے موجودہ صوبائی حکومت کی کرپشن کا نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کریں۔