گورنمنٹ کالج میرپور میں پہلا بہاریہ مشاعرہ‘ پاکستان اور آزاد کشمیر کے معروف شعراء کرام کی شرکت

بدھ 2 مئی 2018 20:38

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2018ء) گورنمنٹ کالج میرپور میں پہلا بہاریہ مشاعرہ منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے معروف شعراء کرام کے علاوہ علمی ادبی حلقوں سے وابستہ افراد، اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ محفل مشاعرہ کی صدارت ملک کے معروف مزاح نگار اور پرائید آف پرفارمینس شاعر سرفراز شاہد نے کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ مشاعرے طلباء طالبات کی تربیت کرنے اور معاشرے میں مثبت رحجانات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج میرپور ایک معیاری اور مثالی درس گاہ ہے۔ اس نے بڑی بڑی شخصیات کو جنم دیا ہے۔ اس کالج کا ماضی شاندار اور مستقبل تابناک ہے۔ محفل مشاعرہ میں مہمان خصوصی شعراء صدر محفل سرفراز شاہد آف اسلام آباد کے علاوہ لاہور سے سید سلیمان گیلانی اور ڈاکٹر طاہر شہیراور خانیوال سے ندیم ناجد نے اپنا کلام پیش کر کے بھرپور داد سمیٹی، مہمان اعزاز شعراء میں کھوئی رٹہ سے مسعود ساگر، فیصل مضطر اورمجیدمہر نے اپنے خوبصورت کلام سے حاضرین محفل کے دلوں کو گرمایا۔

(جاری ہے)

میرپور کے مقامی شعراء پروفیسر عارف کمپلوی ، مظہر جاوید حسن، ذوالفقار علی اسد، حکیم فیض سوز، محمد فاروق جرال، ڈاکٹر آصف حمید، جاوید الرحمن قریشی، مصطفی جاذب ، پروفیسر محمد عمران شفیع ،قاضی عبدالوہاب ، رازاحتشام، محسن احمد اور شعبان خالد صدیقی نے رنگا رنگ کلام پیش کر کے محفل کو چار چاند لگائے۔ طلبہ اور طالبات میںسے اویس طارق، شوکت حسین، روبیہ مریم روبی اور فائز ساجد نے کمال اعتماد سے کلام پیش کر کے اساتذہ اور طلباء سے داد وصول کی ۔

محفل مشاعرہ کے دوران طلباء و طالبات نے شعراء کے کلام پر بھرپور داد دی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا شعراء کرام نے طلباء و طالبات کے عمدہ شعری ذوق کی خوب تعریف کی۔نظامت کے فرائض پروفیسر عابد محمود عابد نے بطریق احسن سرانجام دئیے، کالج کے پرنسپل پروفیسر نذر حسین چوہدری نے اپنے خطاب میں مہمان شعراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی اس طرح کی علی ادبی محافل کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔

انھوں نے طلباء و طالبات کے شعری ذوق اور نظم و ضبط کی تعریف کرتے ہوئے مشاعرہ کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا ۔اس تاریخی مشاعرہ کے نگران پروفیسر منیر احمد یزدانی تھے جبکہ پروفیسر خواجہ خورشید احمد، پروفیسر مشتاق احمد ساقی، پروفیسر عمران شفیع، پروفیسر حبیب الحق، پروفیسر عابد محمود عابد، پروفیسر زیب النساء، پروفیسر سردار حفیظ اللہ ، پروفیسر محمد اسلم چوہدری ، پروفیسر محمد اویس گل اور پروفیسر عبدالرزاق نے مشاعرے کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا۔

مشاعرے کے اختتام پر شعرائے کرام کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ جموں کشمیر رائٹرز فورم، ادبیکا آزاد کشمیر، آل جموں کشمیر ادبی کونسل، ادارہ تعبیر، سخن کدہ، صدیق جرال شہید ریسرچ فائونڈیشن اور دیگر علمی و ادبی حلقوں سے وابسطہ افراد نے شاندار اور کامیاب مشاعرے کے انعقاد پر کالج کے پرنسپل پروفیسر نذر حسین چوہدری، اسٹاف ممبران اور منتظمین مشاعرہ کو مبارکباد دی ہے۔