جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے، سراج منیر

بدھ 2 مئی 2018 20:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2018ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ممبر مرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے، بھارت خطہ کے امن کو تباہ کردینا چاہتا ہے،انسانی حقوق پر کام کرنیوالی عالمی تنظیمیں مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق دلوانے کیلئے کردار ادا کریں تاکہ خطہ میں امن قائم ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شیخ سراج منیر کا کہنا تھا کہ بھارت جنوبی ایشیاء میں امن کا دشمن بن چکا ہے، کلبھوشن کو پھانسی ضرور ہونی چاہیے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں 1948 سے آج تک دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے، بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہاہے، مرد و خواتین سمیت بچوں کو بھی نہیں بخشا جارہا، حریت کانفرنس کی قیادت مسلسل نظر بند و جیلوں میں قید کیئے جارہے ہیں،اس کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کیلئے حریت کانفرنس کی قیادت اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، گولوں، پیلٹ، بلٹ کا جواب پتھر سے دے کر واضح کررہے ہیں کہ وہ بھارتی غلامی سے چھٹکارا چاہتے ہیں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کررہے ہیں انہیں پیدائشی حق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہیں اور ان قراردادوں پر عملدرآمد کروا کر کشمیریوں کو پیدائشی حق’’ حق خودارادیت‘‘ دلوانے سے جنوبی ایشیاء میں پائیدار اممکن ممکن ہے۔ بھارتی انتہاء پسند تنظیمیں، بھارتی حکمران مسلمانوں کے کھلے دشمن ہیں جنہوں نے ہندوستان کے اندر کئی ریاستوں میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا ہے اور اقلیتوں پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں۔ اور اب وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام میں مصروف ہیں جس کیخلاف انسانی حقوق پر کام کرنیوالی عالمی تنظیموں کو ٹھوس کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بھارت مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کرے اور خطہ میں امن قائم ہوسکے۔