کشمیر اولیاء کی سرزمین ہے کل بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے‘ وزیر اوقاف و مذہبی امور

بدھ 2 مئی 2018 20:38

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2018ء) آزادکشمیر کے وزیر اوقاف و مذہبی امور راجہ عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں تبلیغ واشاعت دین کا مقدس فریضہ اولیاء کرام نے سرانجام دیا ۔کشمیر اولیاء کی سرزمین ہے آج بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے پاک فوج ہر طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اوقاف و مذہبی امور راجہ عبدالقیوم خان نے حضرت بابا پیر ا شاہ غازی المعروف ڈمڑی والی سرکار کے دو روزہ سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور سید نظیر الحسن گیلانی نے عظیم روحانی شخصیت حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کے سجادہ نشین ہاشم عبدالقادر منصور الدین گیلانی کو عرس کی تقریبات میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

انھوں نے پولیس ،ضلعی انتظامیہ ،شہری دفاع ،محکمہ آب رسانی اور محکمہ اوقاف کے ملازمین کو عرس کی تقریبات کامیاب بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ناظم اعلیٰ اوقاف مفتی ابرہیم عزیز نے کہا کہ اولیاء کرام نے دین کی ترقی و ترویج کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں یہی وجہ ہے کہ آج ان کی مزارات پر حاضری دینے والوں کی تعدا د میں اضافہ ہورہا ہے انھوں نے کہاکہ اولیاء کرام نے اللہ کی عبادت اور مخلوق خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ۔

امت کو اتفاق و اتحاد کا درس دیا تقریب سے سجادہ نشین درگاہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ہاشم عبدالقادر منصورالدین گیلانی ،علامہ زبیر احمد نقشبندی اور مفتی وسیم رضاء نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین درگاہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی نے امت مسلمہ کی بھلائی ،پاکستان کی سلامتی اور محکوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی ۔تقریب کا اختتام درود سلام کے ساتھ ہوا ۔