اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے انسانیت سوز مظالم کانوٹس لے‘آزاد حکومت اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے‘ سردار عتیق

بدھ مئی 21:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سربراہ مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے انسانیت سوز مظالم کانوٹس لے۔آزاد حکومت اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیاں اور مہاجرین کو دوہرے ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔

وہ گزشتہ روز آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔قبل ازیں سردار عتیق احمد خان نے ایوان میں قرارداد پیش کی۔جسمیں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر شوپیاں میں معصوم بچی آصفہ بانو سے ہونے والی اجتماعی زیادتی اور قتل کی مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

ان واقعات کو بھارت کی جانب سے بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مزید کہا کہ آزاد حکومت اپوزیشن نمائندوں کے خلاف مسلسل انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔ترقیاتی بجٹ منتخب نمائندوں کے بجائے من پسند افراد میں تقسیم کرنے سرکاری ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں اور مہاجرین جموں وکشمیر کے دوہرے ووٹ کو ختم کرنے کی سازش پر تشویش کا اظہار کیا۔سردار عتیق احمد نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس شب برات کے موقع پر نہیں بلانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلدی میں ہے بجٹ بھی قبل از وقت پیش کرنے کی اطلاعات ہیں۔