پیمرا مسئلہ کشمیر کی مناسبت سے قانون ساز اسمبلی کے ممبران کو بھرپور کوریج دے ‘ سحرش قمر

بدھ مئی 21:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن محترمہ سحرش قمر نے اسمبلی اجلاس کے دوران قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر انتہائی نازک مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے۔۔برطانیہ میں آل پارٹیز سے تعلق رکھنے والے زعماء نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت اور شدید احتجاج کیامگر ہمارے قومی الیکٹرانک میڈیا نے اسے کوریج نہیں دی۔

(جاری ہے)

پیمرا کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کی مناسبت سے ہمارے ممبران اسمبلی کو بھرپور کوریج دے تاکہ عالمی برادری کو آگاہی ہو سکے۔سحرش قمر نے مقبوضہ کشمیر میں آصفہ بانو ریپ کیس اور ان کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور جموں وکشمیر بار کونسل کے احتجاج اور مطالبات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے وفود بیرونی ممالک بیجھنے کے اعلان پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے بھیجے جانے والے وفود میں آزاد کشمیر کے پارلیمنٹرین کو بھی بیجھا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بہترین انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔