احتساب عدالت نے ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ سمیت پانچ ملزمان کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا

ملزمان نے بہاولپور میں مہنگے داموں 116 فلٹریشن پلانٹس لگا کر حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔ترجمان نیب

بدھ 2 مئی 2018 21:28

احتساب عدالت نے ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ سمیت پانچ ملزمان کا 12 روزہ جسمانی ..
لاہور۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) نیب لاہور نے صاف پانی کرپشن کیس میں ملوث ملزم ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ خالد ندیم بخاری سمیت پانچ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے احتساب عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا، نیب ترجمان لاہور کے مطابق عدالت نے پانچوں ملزمان کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا‘ ملزم نے دیگر شریک ملزمان سے ملی بھگت کر کے بہاولپور میں مہنگے داموں 116 فلٹریشن پلانٹس لگا کر حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ‘ ملزم خالد ندیم نے دھوکہ دہی کے ذریعے ٹینڈر میں اصل قیمت سے 40 فیصد زیادہ رقوم کے بل پاس کروائے ‘ملزم نے بہاولپور ریجن میں صاف پانی کمپنی منصوبہ کے تحت مبینہ طور پر مہنگے داموں 116 فلٹریشن پلانٹس لگائے‘اس منصوبے پر صوبا ئی حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے جو کرپشن کی نظر ہوئے‘فلٹریشن پلانٹس کی تنصیبی کے حوالے سے تمام منصوبہ بندی میں مبینہ طور پرجعلی کاغذات کا سہارا لیا گیا‘نیب لاہور کی جانب سے 17 اپریل کو 4 دیگر مرکزی ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی‘چاروں ملزمان سے دوران تفتیش ملزم ڈپٹی سیکرٹری ہائوسنگ خالد ندیم کیخلاف اہم شواہد حاصل ہوئے‘ملزم خالد ندیم بخاری کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے احتساب عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا۔