وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 2 مئی 2018 21:28

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے، مثبت اور بامقصدصحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی اساس ہوتی ہے۔ صحافت رائے عامہ کی تشکیل اور قومی شعوراجاگر کرنے کیلئے انتہائی اہم ذریعہ ہے۔آزاد صحافت کا جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی پاسداری میں اہم کرادار ہے اورایک بنیادی انسانی حق ہونے کے ساتھ تمام آزادیوں کی کسوٹی بھی ہے۔

ذمہ دارانہ صحافت ملک کو کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آزادی صحافت پر قفل لگانے کا مطلب انسانی ذہن کی آزاد سوچ کے کھلے دریچوں کو بند کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ورلڈ پریس فریڈم ڈے کومنانے کا مقصد آزادی صحافت کی اہمیت، افادیت اور صحافتی ذمہ داریوں کو اجاگر کرناہے۔

انہوںنے کہا کہ صحافت کی موجودہ آزادی کسی کی دی ہوئی نہیں بلکہ صحافیوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔ حکومت میڈیا کی آزادی اور صحافی برادری کو ہر قسم کے دبائو سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے اورحکومت صحافی برادری کو ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران دبائو سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے پیشہ وارانہ امور کے لئے محفوظ ماحول حکومتی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اظہاررائے کی آزادی کوجمہوریت کالازمی حصہ سمجھتی ہے اوراظہاررائے کی آزادی کی افادیت اور ضرورت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ غیر جانبدار رہتے ہوئے لوگوں کی درست سمت میں رہنمائی کرے۔انہوں نے کہا کہآج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اظہاررائے کی آزادی اور میڈیا کو پیشہ وارانہ امور سرانجام دینے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔