Live Updates

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے شب و روز محنت کی‘شہبازشریف

میرا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے ، زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کردی ہے،پنجاب کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے محمد شہبازشریف نے پنجاب میں فلاحی پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں سے عوام کے دلوں کو مسخر کر لیا‘اراکین اسمبلی

بدھ 2 مئی 2018 21:28

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ جن میں سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو سندھ اور خیبرپختونخوا کے کامیاب دوروں کی مبارکباد دی اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے شب و روز محنت کی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کی بدولت لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) فلاحی پروگرام اور ترقیاتی ایجنڈے کی بدولت الیکشن جیتے گی۔

(جاری ہے)

2018 کے الیکشن میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے ، زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کردی ہے۔ پنجاب کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال تک عوام کی خدمت کی۔کرپشن اور بدعنوانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ عمران خان کے 11نکات کے مقابلے میں 11 ہزار ترقیاتی منصوبے پیش کریں گے۔پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو بھی ترقی کے راستوں پر لائیں گے اور وطن عزیز کو مشاورت اور افہام و تفہیم کیساتھ آگے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شعبدہ بازی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ اراکین اسمبلی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں اگلا الیکشن بھرپور اکثریت کے ساتھ جیتے گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب میں فلاحی پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں سے عوام کے دلوں کو مسخر کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنا پر سر اٹھا کر اگلے الیکشن میں حصہ لے گی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر شزرہ منصب علی خان کھرل، سید محمد اصغر، ارکان پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز، میاں محمد اعظم چیلہ ، محسن شاہنواز رانجھا اور ملک عزیزالحق شامل تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات