( ن ) لیگ کی حکومت تمام صوبوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے‘شہبازشریف

سندھ کی ترقی کے لئے پرعزم ہیں، سندھ آگے بڑھے گا تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا‘وزیراعلیٰ پنجاب پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل ہے، سندھ کے عوام بھی ترقی چاہتے ہیں ‘شاہ محمد شاہ

بدھ 2 مئی 2018 21:28

( ن ) لیگ کی حکومت تمام صوبوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن ) کی حکومت تمام صوبوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ سندھ کی ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔

سندھ آگے بڑھے گا تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا ۔ میں جلد سندھ کا دورہ کروں گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ کراچی کے دورے کے دوران روشنیوں کے شہر کی حالت زار دیکھ کر دل بہت دکھی ہواہے۔عام انتخابات میں سندھ کے عوام نے خدمت کا موقع دیا تو پنجاب جیسی بے مثال ترقی سندھ میں لائیں گے اور سندھ کو پنجاب کی طرح خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب کی ترقی کو دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بنایا ہے۔صوبہ سندھ کے عوام بھی پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں ۔ اراکین وفد نے کہا کہ آپ کے کراچی کے دوروں سے مخالفین پریشان ہیں ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد میں جنرل سیکرٹری سینیٹرسلیم ضیا اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چودھری محمد طارق شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد بھی اس موقع پر موجودتھے۔