لیگی حکومت نے جاتے جاتے بھی پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام سے محبت کا اظہار کیا ہے‘ذکر اللہ مجاہد

موجودہ حکومت کی امتیازی خصوصیات نے مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ جسے عوام کبھی نہیں بھلا پائیں گے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 2 مئی 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ن لیگی حکومت نے جاتے جاتے بھی عوام دوست ہونے کا ثبو ت دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی صورت میں قوم پر پٹرول بم گرایا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات میں تسلسل کے ساتھ اضافہ عوام دشمن پالیسی ہے اس سے مہنگائی کا جن اور بھی بے قابو ہو جائے گا ۔

جماعت اسلامی اس اضافے کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سے اسے فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی امتیازی خصوصیات میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سر فہرست ہیں جسے عوام کبھی نہیں بھلا پائیں گے ۔

(جاری ہے)

ن لیگ کی حکومت اپنے آخری ایام سے گزر رہی ہے ۔

اور اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سخت آزمائش میں مبتلا ہے ۔ چاہیے تو یہ تھا کہ عوام کے پاس جانے سے پہلے عوامی مسائل کے حل میں عوام کو ریلیف دیتی لیکن نا اہل قیادت یہ کام کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ یقینا آنے والے الیکشن میں ن لیگ کو سخت عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لیگی حکومت اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں عوامی مسائل حل کرنے میں اور عوام کو کوئی بڑا ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے ۔

موجودہ حکومت کی پوری توجہ کرپشن ، قوم کو مقروض کرنے اور میگا پروجیکٹس پر ہی رہی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں صوبہ اور خاص طور پر صوبہ پنجاب کا جنوبی حصہ احساس محرومی کا شکار رہا ہے ۔ پیش کردہ موجودہ حکومتی بجٹ میں بھی غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ۔ الیکشن کی آمد کے ساتھ ہی سیاسی پارٹیوں کی طرف سے مسائل کے حل کے سیاسی سبزباغوں میں بھی خاطر خواہ تیزی آ جاتی ہے لیکن افسوس کہ یہ جھوٹے وعدے پورے نہیں ہوتے اور عوام کو حکمرانوں کی طرف سے جھوٹ اور منافقت کے علاوہ کچھ نہیں ملتا ۔

عوام ان چوروں ، ڈاکوئوں اور کرپشن زدہ پنڈتوں کو پہچان چکے ہیں ۔ عوام کبھی بھی ان جھوٹے سیاست دانوں کے چنگل میں نہیں آئیں گے ۔ آنے والے الیکشن میں متحدہ مجلس عمل ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی ۔