گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کی شکایات دور کرنے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم لاگو کر دیا ، کمشنر ساہیوال

بدھ 2 مئی 2018 22:01

ساہیوال۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کی شکایات دور کرنے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم لاگو کر دیا گیا ہے تا کہ خریداری کا عمل متاثر نہ ہو اور چھوٹے کسانوں کی گندم فوری خریدی جا سکے ، وہ یہاں اپنے دفتر میں زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن میاں جمیل احمد اور محکمہ زراعت ،لائیوسٹاک ، ایریگیشن ، واٹر مینجمنٹ کے افسران ، کسان اتحاد کے نمائندوں اور پروگریسو فارمرز نے بھی شرکت کی، انہوں نے ڈپٹی کمشنر زکو ہدایت کی کہ وہ تمام خریداری مراکز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیں تاکہ گندم بیچنے کیلئے آنیوالے کاشتکاروں کو بے جا انتظار نہ کرنا پڑے، انہوں نے کسان اتحاد کی طرف سے فی ایکڑ 8 بوری باردانہ کو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ اراضی حد 10 ایکٹر سے بڑھا کر 20 ایکٹر کرنے کے مطالبات کو فوری صوبائی حکومت کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کروائی تا کہ کسانوں کی زیادہ سے زیادہ گندم خریدی جا سکے،کمشنر علی بہادر قاضی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے اور اگر کسان کو ان کی محنت کا بہتر معاوضہ ملے گا تو ملک کی معیشت کا پہیہ چلے گا جس کیلئے انتظامیہ زمینداروں اور لائیوسٹاک بریڈرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر یگی ، انہوںنے محکمہ لائیوسٹاک اور زراعت پر زور دیا کہ وہ کسانوں سے قریبی رابطہ رکھیںاور انہیں زراعت اور لائیوسٹاک میں ہونیوالی جدید تحقیق سے آگاہ کریں تا کہ پیداوار میں اضافہ ہو اور کسانوں کو بہتر معاوضہ ملے، انہوں نے زور دیا کہ ایسی فصلیں کاشت کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے جن کیلئے پانی کی ضرورت کم ہو جیسے کپاس کی فصل تا کہ نہری پانی کی قلت سے زرعی پیداوار متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :