پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر کی صومالیہ کی کھلے سمندر میں پرتگالی کشتی کو امداد کی فراہمی

بدھ 2 مئی 2018 22:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) کثیر القومی ٹاسک فورس151-کی زیرِ نگرانی بحری قزاقی کی روک تھام کے مشن پر مامور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیرنے بینی لیو2- نامی سیلنگ بوٹ کو امداد فراہم کی ہے ۔ بوٹ کو صومالیہ کے شمال مشرقی سمندر میں ایندھن کی شدیدکمی کاسامنا تھا۔ یہ بوٹ پرتگال کے ازورس آئز لینڈ کے جوآئو آرمیندو ( Joao Armindo) کی ملکیت ہے جو اپنی اہلیہ جوآنہ امین اور 5اور8سالہ بچوں کے ساتھ دنیا کے سفر پر رواں دواں تھا۔

ازورس آئز لینڈکا یہ پہلا خاندان ہے جو دنیا کے بحری سفر کی مہم پر تھا۔بین لیو2-نے سری لنکا سے ضروری سازوسامان کے ساتھ اریٹیریا کی طرف سفر کا آغاز کیا۔لیکن غیر متوقع خراب موسم کی وجہ سے بوٹ کا تمام ذخیرہ ایندھن ختم ہو گیا ۔

(جاری ہے)

ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے بوٹ بحری قزاقی کے انتہائی خطرناک علاقے سے بہت ہی کم رفتار سے سفر کر رہی تھی۔بوٹ پر موجود سازوسامان اور انصرامی سہولیات بھی نا کافی ہو چکی تھیں۔

پی این ایس عالمگیر نے بوٹ کو نہ صرف ایندھن فراہم کیا بلکہ بوٹ پر سوار خاندان کو اشیائے خورد و نوش بھی بہم پہنچائیں۔ پرتگالی خاندان بروقت اور بھر پور امداد پر پاکستان اور پاکستان نیوی کا ممنون و مشکور تھا جس کی بدولت بحری قزاقی کے خطرناک علاقے سے ان کا بحفاظت گزر ممکن ہوا۔پاک بحریہ کے جہاز کثیر القومی ٹاسک فورس150اور151میں سرگرم انداز سے شرکت کرتے ہیں۔ بحری دہشت گردی کی روک تھا م اور بحری قزاقی کی بیخ کنی ان ٹاسک فورسز کا بنیادی مقصد ہے۔ بینی لیو 2-کو امداد کی فراہمی ، کھلے سمندر میں پاک بحریہ کی طرف سے انسانی امداد کے آپریشن کی تاریخ کی عکاس ہے اورپاک بحریہ کی درخشاں روایت کی ایک کڑی ہے ۔