سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کا دوہرا معیار عوام کے سامنے آ چکا ہے ، شگفتہ ملک

بدھ 2 مئی 2018 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی جائنٹ سیکرٹری شگفتہ ملک نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا ادراک نہ رکنھے والی حکومت نہ صرف یہ کہ صوبے کے محدود وسائل استعمال کرنے میں ناکام ہو گئی ہے بلکہ صوبے کو تاریخ کے بدترین مالی و انتظامی بحران سے دوچار کر دیا ہے ، صوبے میں ترقی کا پہیہ رک گیا ہے ،اور تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں،جس کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ کے حلقہ پی کی59این ای24میں خواتین کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، ضلعی نائب صدر صفیہ نوروز اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھیں، انہوں نے کہا کہ عوام کی نظریں اے این پی پر لگی ہیں اور اسی سے توقعات وابستہ کر رکھی ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام کو الیکشن کا اب شدت سے انتظار ہے تا کہ وہ اپنے ساتھ دھوکہ کرنے والوں سے ووٹ کے ذریعے بدلہ لے سکیں،اشگفتہ ملک نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت کی جھوٹ اور فریب کی پالیسیوں سے متنفر ہو چکے ہیں سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی بے نقاب ہوچکی ہے ، 20ممبران نے اپنا ووٹ تین تین بار فروخت کیا ،اور خود حکومت نے اس ضمیر فروشی میں فرنٹ رول ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ اے این پی کے علاوہ کوئی دوسری جماعت نہیں کر سکتی اور خواتین کی ہونے والی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبے کے عوام بشمول خواتین اے این پی کو ہی اپنے حقوق کا ضامن سمجھتے ہیں۔